رسائی کے لنکس

بھارت کے الیکشن کمیشن کا اعلیٰ سطحی وفد مصرروانہ


بھارت کے الیکشن کمیشن کا اعلیٰ سطحی وفد مصرروانہ
بھارت کے الیکشن کمیشن کا اعلیٰ سطحی وفد مصرروانہ

مصر کی نئی حکومت کی درخواست پر بھارت کے الیکشن کمیشن کا ایک چھ رکنی وفد منگل کے روز قاہرہ کے لیے روانہ ہوگیا۔

چیف الیکشن کمشنر وائی ایس قریشی کی قیادت میں جانے والا یہ وفد مصرمیں صاف ستھرے اور آزادانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے سلسلے میں عبوری حکومت کی مدد کرے گا۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع نے ’وائس آف امریکہ‘ سے بات چیت میں کہا ہے کہ کمیشن کی یہ ٹیم مصر میں تین روز قیام کرے گی اور الیکٹرانگ ووٹنگ مشینوں کے ذریعے ووٹ ڈالنے کے سلسلے میں مقامی حکام کی مدد کرے گی۔ ادارے کے ڈائریکٹر جنرل اکشے راوت نے اِس موقعے پر نئی دہلی میں نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا کہ مصر کی عبوری حکومت نے اِس سلسلے میں بھارتی حکومت سے درخواست کی تھی جس پر غور کرنے کے بعد چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں ٹیم بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔

یہ ٹیم صاف ستھرے اور آزادانہ انتخابات کو یقینی بنانے کے سلسلے میں اپنے تجربات سے مصر کے حکام کو روشناس کرائے گی۔

وفد کے ارکان مصر کے نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سے ملاقات کریں گے اور وہاں کے الیکشن کمیشن کے ذمہ داروں سے بھی تبادلہٴ خیال کریں گے۔

واضح رہے کہ بھارت میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ذریعے ووٹ ڈالے جاتے ہیں جس کی وجہ سے پولنگ میں بدعنوانیوں کے اندیشے بہت حد تک دور ہوگئے ہیں۔بھارت میں صاف ستھرے اور آزادانہ انتخابات کی عالمی سطح پر پذیرائی ہوتی ہے۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG