رسائی کے لنکس

پاکستان میں ’دھوم تھری‘ ریلیز سے قبل ہی شہرت کی بلندیوں پر


پاکستان میں ایک طویل مدت کے بعد ایسا ماحول پیدا ہوا ہے کہ فلم دیکھنے والوں کی خاصی بڑی تعداد ریلیز کے پہلے ہفتے ہی فلم دیکھنے کی منتظر لگتی ہے

پاکستان میں ریلیزسے پہلے ’ہائپ کری ایٹ‘ کرنے والی فلم کی نمائش جمعہ کو ہورہی ہے۔۔۔ جی ہاں ہم بات کر رہے ہیں مسٹر پرفیکٹ، عامر خان کی فلم ’دھوم 3‘ کی، جس کے ایڈوانس میں بھی ٹکٹ دستیاب نہیں۔

فلم کراچی کے کئی سنیما گھروں میں ریلیز کی جارہی ہے جن میں کیپری، بمبینو، ایٹریم، نیو پلیکس، سنے پیکس اور یونیورس سنے پلیکس شامل ہیں۔ لیکن، ان تمام سنیماگھروں پر ایڈوانس بکنگ کئی دن پہلے ہند ہو چکی ہے۔۔ سب کے سب ابھی سے ہاوٴس فلم ہیں لیکن فلم بینوں کی بڑی تعداد اب بھی ٹکٹ کی منتظر ہے۔

مقامی سطح پردھوم تھری کی ایڈوانس بکنگ کے حوالے سے اس قسم کی خبریں بھی گردش کر رہی ہیں کہ بعض سنیما گھروں میں اس فلم کے ٹکٹ کی قیمت 300 فیصد تک بڑھادی گئی اور ایک ٹکٹ کے 900 روپے وصول کئے جارہے ہیں۔

پاکستان میں ’دھوم تھری‘ کی نمائش کے حقوق ’جیو فلمز‘ کے پاس ہیں۔اس کے ایک عہدیدار شرافت علی نے بتایا کہ ’پاکستان میں ایک طویل مدت کے بعد یہ ماحول پیدا ہوا ہے کہ فلم دیکھنے والوں کی خاصی بڑی تعداد ریلیز کے پہلے ہفتے ہی فلم دیکھنے کی خواہش مند ہے۔‘

فلم کی کاسٹ میں عامر خان کے ساتھ ساتھ باربی ڈول کترینہ کیف، ابھیشک بچن اور وودے چوپڑا بھی جلوہ گر ہیں۔

’دھوم تھری‘ تیز ترین سنچری بنائے گی ۔۔۔؟
جدید ٹیکنالوجی، حیرت انگیز اسٹنٹ اور تیز رفتار ’پیس‘ میں بنی ’دھوم ‘ کے بارے میں بھارتی ٹریڈ تجزیہ کاروں نے پہلے ہی اپنا فیصلہ سنا دیا ہے کہ فلم باکس آفس پر تیز ترین سنچری بنائے گی۔ یعنی، ریلیز کے چند دنوں کے اندر اندر ہی 100کروڑ کلب میں شامل ہوکر شاہ رخ خان کی ’چنائی ایکسپریس‘ کا ریکارڈ توڑ دے گی۔

سال 2013 ءکے شروع میں ریلیز ہونے والی شاہ رخ کی بلاک بسٹر فلم ’چنائی ایکسپریس‘ نے کئی دنوں میں100 کروڑ کا ہندسہ عبور کیا تھا لیکن ’دھوم ‘ کے بارے میں فلمی پنڈتوں کا خیال ہے کہ اسے 100 کروڑ کمانے میں تین دن بھی نہیں لے گی۔ اس اعتماد کی وجہ بہت سے ’پوزیٹو فیکٹرز‘ بتائے جا رہے ہیں۔مثلاً، ادیتیہ چوپڑہ اور عامر خان جیسے برانڈز نیم نے فلم کی اہمیت اور مارکیٹ ویلیو بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور فلم یقین کی حد تک ہٹ ہوسکتی ہے۔

دوسرا اہم فیکٹر یہ ہے کہ فلم کی لیڈ اسٹار کترینہ کیف کی 2008 میں ریلیز ہونے والی فلم ’یوووراج‘ کے بعد سے کوئی فلم فلاپ نہیں ہوئی۔ ا س بات نے بھی’دھوم 3‘ کی ساکھ پر اچھا اثر ڈالا ہے۔

پھر کرسمس کی چھٹیوں اور زبردست پروموشن کی وجہ سے یہ توقعات بہت زیادہ غیر حقیقی معلوم نہیں ہوتی۔ خیال ہے کہ فلم نہ صرف اوپننگ ویک اینڈ پر 100کروڑ کا جادوئی ہندسہ عبور کر لے گی بلکہ جمعے کو ہی سب سے زیادہ بزنس کرنے کا نیا ریکارڈ بھی بنانے میں کامیاب ہوسکتی ہے۔

فلم کے جڑے کچھ دلچسپ پہلو
فلم کے ایک گانے ’ملنگ‘ نے ریلیز سے پہلے ہی بے پناہ شہرت حاصل کرلی ہے۔ بھارت سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اس گانے کی تیاری پر 5کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں ۔

اسی فلم کے ایک اور گانے ’دھوم مچالے دھوم‘ بالی ووڈ گلوکارہ ادیتی سنگھ شرما نے گایا ہے جبکہ اسی گانے کا ایک ورژن لبنانی گلوکارہ’ نایا‘ نے عربی زبان میں بھی ریکارڈ کرایا ہے جس کے سبب فلم میں مزید کشش پیدا ہوگئی ہے۔

تین سو کروڑ کمانے کی خوش خبری۔۔۔؟
فلمی نقادوں نے پیش گوئی کی ہے کہ فلم کی ہیروئن کترینہ کیف کی قسمت فلم کو 300 کروڑ سے زائد کا بزنس کروانے میں شامل ہوجائے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ باربی ڈول کی قسمت سے جڑے کچھ نمبرز لکی ثابت ہوں گے۔ کترینہ کیف 30سال کی ہیں اور یہ کیٹ کے فلمی کیریئر کی بھی تیسویں فلم ہے جبکہ دھوم تھری میں ان پر جو آئٹم سانگ پکچرائز ہوا ہے وہ ان کا تیسرا آئٹم سانگ ہے ۔ فلمی نجومیوں نے پیش گوئی کی ہے کہ باربی ڈول سے جڑا تیس، تیس اور تین، تین کا انوکھا جوڑ فلم کے تین سوکروڑ سے زائد کا بزنس کرنے کی خوش خبری سنارہا ہے۔

دھوم تھری آئی میکس میں ریلیز ہونے والی پہلی فلم ہوگی۔

فلم کی کہانی
وجے کرشنا اچاریہ کی ڈائریکشن میں بننے والی فلم کے پرومو اور گانے کے ٹیزربھی ریلیز سے قبل ہی مشہور ہوچکے ہیں۔ فلم میں عامر خان نے سرکس آرٹسٹ ’ساحر‘، کترینہ کیف نے ایکروبیٹ کی ماہر ’عالیہ‘ اور ابھیشیک بچن نے پولیس انسپکٹر ’جے‘ اور ادے چوپڑا نے بائیک کے شوقین نوجوان ’علی‘ کا کردار نبھایا ہے۔

چور پولیس کی اس بھاگ دوڑ میں ایکشن بھی ہے اور مزاح بھی، ایڈونچر بھی ہے اور رومانس بھی۔فلم امریکی شہر شکاگو میں شوٹ ہوئی ہے۔
XS
SM
MD
LG