رسائی کے لنکس

پاکستان میں جمہوریت خطے کے لیے اہم ہے: بھارتی وزیر ِخارجہ


وائس آف امریکہ سے خصوصی انٹرویو میں بھارتی وزیر ِخارجہ نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ پاکستان میں ایک جمہوری حکومت نے پانچ سال مکمّل کر لیے ہیں۔

بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید کا کہنا ہے کہ بھارت کے لیے پاکستان میں فوجی حکومت کے مقابلے میں ایک جمہوری حکومت کے ساتھ تعلقات بہتر کرنا نسبتا آسان ہے۔

وائس آف امریکہ کو دیئے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں وزیر ِ خارجہ خورشید کا کہنا تھا کہ اگرچہ یہ کہا جا سکتا ہے کہ ماضی میں جب بھی دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئی ہے پاکستان میں فوجی حکومت رہی ہے لیکن بھارت جمہوریت پر یقین رکھتا ہے۔

بھارتی وزیر ِخارجہ نے اس بات پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ پاکستان میں ایک جمہوری حکومت نے اپنے پانچ سال مکمّل کیے ہیں۔ انہوں نے امّید ظاہر کی کہ گیارہ مئی کے انتخابات میں منتخب ہونے والی حکومت بھی اپنے پانچ سال مکمّل کرے گی۔

اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پاکستانی انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کی توجّہ اندرونی معاملات پر ہے اور کسی نے اپنی انتخابی مہم میں بھارت کے خلاف بات نہیں کی۔ انہوں نےامیّد ظاہر کی کہ پاکستان کے عوام انڈیا کے خلاف کسی بھی بیان کو رد کر دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بھارت کے ساتھ پُر امن تعلقات رکھنے کے خواہش مند افراد کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے اور اگر کوئی جماعت انڈیا کے خلاف منفی جذبات ابھارنے کی کوشش کرے گی تو پاکستان کے عوام خود ہی اسے روک دیں گے۔

بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید کا مکمل انٹرویو، جس میں انڈیا کے پاکستان، افغانستان، مشرق وسطٰی، امریکہ اور چین سے تعلقات پر گفتگو شامل ہے، اس ہفتے کے ایکسس پوائنٹ میں ضرور دیکھیے۔ وائس آف امریکہ کا پروگرام ایکسس پوائنٹ ہر جمعے کو رات ساڑھے دس سے گیارہ بجے تک ہماری ویب سائٹ پر براہ ِ راست نشر کیا جاتا ہے۔ اور اس کے چند گھنٹے بعد ہماری ویب سائٹ پر اس کا لنک بھی لگا دیا جاتا ہے۔
XS
SM
MD
LG