رسائی کے لنکس

جنسی چھیڑ چھاڑ کےالزام پر بھارتی جنرل مستعفی


جنسی چھیڑ چھاڑ کےالزام پر بھارتی جنرل مستعفی
جنسی چھیڑ چھاڑ کےالزام پر بھارتی جنرل مستعفی

بھارت کے ایک لیفٹیننٹ جنرل سے، جِس پر فوج کے ایک افسر کی اہلیہ نے غیرملکی دورے میں جنسی چھیڑ چھاڑ کا الزام لگایا تھا، زبردستی استعفیٰ لے لیا گیا ہے، اور تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ اِس واقعے سے بھارتی فوج کو زبردست ندامت کا سامنا ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق، لیفٹیننٹ جنرل اے کے نندا کے ٹیکنیکل سیکریٹری کی بیوی نے آرمی چیف کی اہلیہ، بھارتی سنگھ، سے جو آرمی ویلفیئر ایسو سی ایشن کی صدر ہیں، شکایت کی تھی کہ جنرل نندا نے اسرائیل کے دورے میں ان کا جنسی استحصال کیا تھا۔
بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق، بھارتی سنگھ نے آرمی چیف جنرل وِی کے سنگھ تک یہ شکایت پہنچائی اور اُنھوں نے لیفٹیننٹ جنرل اور انجنئیرنگ چیف اے کے نندا سے استعفیٰ طلب کر لیا۔

جنسی استحصال کے ملزم، 59سالہ جنرل نندا نے ایک سال قبل ہی انجنیئرنگ چیف کا عہدہ سنبھالا تھا۔

ریٹائرڈ فوجی افسروں نے اِس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ سابق فوجی افسر میجر جنرل ستیش نمبیار نے ایک ٹی وی چینل سے بات چیت میں کہا کہ ایسی حرکتوں کو برداشت نہیں کیا جانا چاہیئے۔

اُنھوں نے کہا کہ اگر الزام میں صداقت ہے تو یہ ایک اچھا اورمناسب فیصلہ ہے، کیونکہ اِس قسم کی حرکتیں برداشت نہیں کی جاسکتیں۔

اُدھر، بعض غیر مصدقہ اطلاعات میں استعفیٰ لینے کی تردید کی گئی ہے۔ تاہم، ابھی فوج کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG