رسائی کے لنکس

بھارتی کشمیر میں مظاہرے پیر کی روز بھی جاری


بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں پیر کو بھی مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری رہا۔ دارالحکومت سری نگر سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پولیس اور نیم فوجی سکیورٹی اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشرکرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا تاہم اس میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ اُس وقت شروع ہوا جب ایک روز قبل حکومت کے خلاف ہونے والے ایک مظاہرے کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کے شیل فائر کیے جس کے نتیجے میں ایک گولہ 14 سالہ وامق فاروق نامی لڑکے کے سرپر جا لگا جو اُس کی موت کا سبب بنا۔

پیر کے روز فاروق کے جنازے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جس میں” ہم آزادی چاہتے ہیں“ اور”بھارتی فوجو کشمیر سے نکل جاؤ“ جیسے نعرے بھی لگائے گئے ۔

مقامی پولیس نے بتایا ہے کہ جس پولیس اہلکار نے آنسو گیس کا شیل فائر کیا تھا اُسے معطل کردیا گیا ہے اور اس واقعے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات جاری ہیں جن کے اختتام پر مزید کارروائی کی جائے گی ۔

XS
SM
MD
LG