رسائی کے لنکس

بھارت: ایک ہی خاندان کے 14 افراد قتل


فائل
فائل

تھانے پولیس کے ترجمان گجانن کبدولے نے خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کو بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ملزم کے والدین، بہنیں اور ان کے بچے شامل ہیں۔

بھارت میں ایک شخص نے اپنے ہی خاندان کے 14 افراد کو قتل کرنے کے بعد خود کو پھندے سے لٹکا کر خود کشی کرلی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق دلخراش واقعہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب ممبئی سے 27 کلومیٹر شمال میں واقع تھانے نامی شہر میں پیش آیا۔

حکام کے مطابق 35 سالہ ملزم حسنین واریکر نے رات ایک بجے کے قریب سات بچوں سمیت اپنے اہلِ خانہ کے 14 افراد کو قتل کرنے کے بعد خود بھی خود کشی کرلی۔

ملزم کی ایک بہن کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں اس کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

تھانے پولیس کے ترجمان گجانن کبدولے نے خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کو بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ملزم کے والدین، بہنیں اور ان کے بچے شامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق ملزم نے تمام افراد کو گلے کاٹ کر قتل کیا ہے جس کے لیے اس نےا یک بڑی چھری استعمال کی۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق پولیس کو خدشہ ہے کہ ملزم نے واردات سے قبل کھانے میں کوئی نشہ آور شے ملادی تھی جس کےباعث مقتولین مزاحمت نہ کرسکے۔

حکام کے مطابق رات کے اوقات میں گھر سے بچوں کےچیخ و پکار کی آوازوں پر اہلِ خانہ نے پولیس کو اطلاع دی۔پولیس اہلکار جب جائے واقعہ پر پہنچے تو وہاں ہر طرف لاشیں بکھری ہوئی تھیں اور ملزم کی لاش چھت سے بندھے ایک پھندے سے جھول رہی تھی۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ واردات کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے لیکن امکان ہے کہ ملزم اور اہلِ خانہ کا جائیداد کے معاملے پرکوئی جھگڑا ہو۔

پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور زخمی خاتون کی حالت سنبھلنے پر ان کا بیان لیا جائے گا جس سے امید ہے کہ واردات کی تفصیل اور وجہ معلوم ہوسکے گی۔

XS
SM
MD
LG