رسائی کے لنکس

نریندر مودی کا کشمیر کا دورہ، علاقے کے لیے 12 ارب ڈالر سے زائد کا اعلان


وزیراعظم نریندر مودی (فائل فوٹو)
وزیراعظم نریندر مودی (فائل فوٹو)

بھارتی وزیراعظم کے دورہ کشمیر سے قبل ہی یہاں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے جب کہ بڑے مظاہروں کے پیش نظر کئی علیحدگی پسند رہنماؤں کو حراست یا گھروں پر نظر بند کر دیا گیا تھا۔

بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے ملک کے زیر انتظام کشمیر میں ترقی اور اقتصادی پیداوار بڑھانے کے لیے 12 ارب دس کروڑ ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے۔

گزشتہ سال اس علاقے میں بدترین سیلاب کے باعث لاکھوں لوگ بے گھر ہو گئے تھے اور معیشت کو شدید نقصان پہنچا تھا۔

رواں سال کے اپنے پہلے دورہ کشمیر کے لیے ہفتہ کو نریندر مودی سرینگر پہنچے جہاں ایک بڑے اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں لوگوں سے انھوں نے خطاب بھی کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ سیلاب زدگان کی مدد سے بھی کہیں آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کشمیری نوجوانوں کو بہتر تعلیم فراہم کر کے اور صنعتوں کو فروغ دے کر روزگار مہیا کرنے کا وعدہ کیا۔

"اس وقت جو سب سے بڑا کام درپیش ہے وہ ہے کشمیر اور لداخ کے جوانوں کے لیے روزگار کی تلاش۔۔۔ ہمارے نوجوانوں کو سستی، بہترین اور عالمی معیار کی تعلیم ملنی چاہیے۔"

بھارتی وزیراعظم کے دورہ کشمیر سے قبل ہی یہاں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے جب کہ بڑے مظاہروں کے پیش نظر کئی علیحدگی پسند رہنماؤں کو حراست یا گھروں پر نظر بند کر دیا گیا تھا۔

وزیراعظم مودی کا کہنا تھا کہ "کشمیر نے بہت کچھ برداشت کیا۔۔۔بہت سی نسلوں کے خواب چکنا چور ہو گئے، لیکن میں پر اعتماد ہوں کہ میرا کشمیر دوبارہ ابھرے گا۔"

کشمیر دونوں ہمسایہ ایٹمی قوتوں، پاکستان اور بھارت، کے مابین شروع ہی سے متنازع چلا آ رہا ہے اور دونوں ہی اسے اپنا حصہ تصور کرتے ہوئے ملکیت کے دعویدار رہے ہیں۔

بھارت یہاں علیحدگی پسندوں کی حمایت کا الزام پاکستان پر عائد کرتا ہے جسے اسلام آباد مسترد کرتا ہے۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ وہ کشمیر کے مسلمانوں کی سفارتی طور پر حمایت کرتا ہے جسے وہ جاری رکھے گا۔

XS
SM
MD
LG