رسائی کے لنکس

بھارت: چین مخالف مظاہرہ کرنے والے تبتی باشندے گرفتار


نئی دہلی میں قائم چین کے سفارت خانے کے سامنے منگل کو ہونے والے احتجاج کا منظر
نئی دہلی میں قائم چین کے سفارت خانے کے سامنے منگل کو ہونے والے احتجاج کا منظر

حکام کے مطابق یہ افراد منگل کو چین کے اقتدار کے خلاف 1959ء کے ناکام تبتی انقلاب کی سالگرہ کے موقع پر نئی دہلی میں قائم چینی سفارت خانے پر احتجاج کر رہے تھے۔

بھارت میں پولیس نے چین کے خلاف احتجاج کرنے والے 100 سے زائد تبتی شہریوں کو حراست میں لے لیا ہے۔

حکام کے مطابق یہ افراد منگل کو چین کے اقتدار کے خلاف 1959ء کے ناکام تبتی انقلاب کی سالگرہ کے موقع پر نئی دہلی میں قائم چینی سفارت خانے پر احتجاج کر رہے تھے۔

تبت کے سرخ اور زرد رنگ کے جھنڈے اور کتبے اٹھائے مظاہرین نے گرفتاری سے قبل انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی اور تبت کی آزادی کے حق میں اور وہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف نعرے بازی کی۔

موقع پر موجود پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو حراست میں لینے کے بعد بسوں کے ذریعے تھانے منتقل کردیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مظاہرین گرفتاری کے دوران بھی چین کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔

منگل کو ہونے والا مظاہرہ تبت میں چینی اقتدار کے خلاف ہونے والی بغاوت کے 56 سال مکمل ہونے پر کیا گیا تھا۔

چینی حکومت نے اس بغاوت کو سختی سے کچل دیا تھا جس کے نتیجے میں تبت میں آباد بدھ مت کے پیروکاروں کے روحانی پیشوا دلائی لاما اور ان کےکئی ساتھیوں کو بھارت فرار ہونا پڑا تھا۔

جلاوطن تبتی رہنماؤں نے بعد ازاں بھارت کے شہر دھرم شالا میں تبت کی جلاوطن حکومت تشکیل دی تھی جو تاحال وہیں سے کام کر رہی ہے۔

چین مخالف تبتی رہنماؤں کی دھرم شالا میں موجودگی اور نئی دہلی کی میزبانی میں قائم تبت کی جلاوطن حکومت بھارت اور چین کے درمیان ایک بڑی وجۂ نزاع ہے۔

منگل کو 1959ء کے انقلاب کی سال گرہ کے موقع پر دھرم شالا میں بھی ایک احتجاجی جلوس نکالا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

بدھ مت کے پیروکار تبتی باشندے چینی حکومت پر اپنی ثقافت اور مذہب کو نقصان پہنچانے اور علاقے کی شناخت تبدیل کرنے کا الزام عائد کرتے ہیں اور ان کا دعویٰ ہے کہ چین نے زبردستی ان کے علاقے پر قبضہ کر رکھا ہے۔ چین ان الزامات کی تردید کرتا ہے۔

تبت پر چین کے قبضے کے خلاف بطورِ احتجاج تبتی باشندوں نے فروری 2009ء میں خودسوزیوں کا سلسلہ شروع کیا تھا جس کے بعد سے اب تک 130 سے زائد تبتی باشندے خود کو عوامی مقامات پر نذرِ آتش کرچکے ہیں۔

چینی حکومت خودسوزیوں کی اس تحریک کا الزام جلا وطن تبتیوں پر عائد کرتی ہے اور اس کا موقف ہے کہ تبتیوں کا یہ احتجاج دراصل ان کی علیحدگی پسند تحریک کا ایک حصہ ہے۔

XS
SM
MD
LG