رسائی کے لنکس

’لندن ٹھمکتا‘ کے بھارتی گلوکار انتقال کرگئے


لابھ جنجوعہ جمعرات کو ممبئی میں واقع اپنے فلیٹ میں مردہ پائے گئے ہیں۔

حالیہ مہینوں میں ریلیز ہونے والی ہٹ فلم ”کوئن“ کا یہ گانا تو آپ نے یقیناً سنا ہوگا جس کے بول ہیں ”لندن ٹھمکتا۔۔۔“۔ یہ مشہور گانا گانے والے بھارتی سنگر کا نام ہے لابھ جنجوعہ۔

”لندن ٹھمکتا“ نے وہ شہرت پائی کہ لابھ کو شہرت کے آسمان پر پہنچا دیا۔ مگر اس وقت افسوس ناک خبر یہ ہے کہ لابھ جنجوعہ جمعرات کو ممبئی میں واقع اپنے فلیٹ میں مردہ پائے گئے ہیں۔

بھارت کے تمام الیکٹرونک اور آن لائن میڈیا نے اس خبر کو شہ سرخیوں میں جگہ دی ہے۔ رپورٹس کے مطابق لابھ جنجوعہ ممبئی کے علاقے گورے گاوٴں کے ایک فلیٹ میں رہائش پذیر تھے۔

”جی کردا بھئی جی کردا، تینوں کول بٹھاواں جی کردا“ گانے والے لابھ جنجوعہ کے دوست جگنو کے مطابق لابھ جنجوعہ کی طبیعت گزشتہ چند روز سے خراب تھی، اور نقاہت کے باعث وہ ڈاکٹر کے پاس بھی نہیں جاسکے تھے۔

جگنو نے بتایا کہ "طبیعت کی خرابی کے باوجود نہ انہوں نے مجھے بلایا نہ فون کیا۔ مجھے تو لابھ کے پڑوسیوں نے فون کرکے بلایا تھا۔ وہ اپارٹمنٹس کی یونین کے چیئرمین کے ساتھ لابھ کے فلیٹ پر پہنچے تو ہکا بکا رہ گئے۔ لابھ ہمارا انتظار کئے بغیر ہی مرچکے تھے۔“

ممبئی پولیس نے لاش فلیٹ سے نکال کر مردہ خانے میں منتقل کردی ہے تاہم وہ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ آنے سے پہلے موت سے متعلق کچھ بتانے سے خود کو قاصر سمجھ رہی ہے۔ جگنو کے مطابق لابھ تین دن پہلے ہی دنیا کے مختلف ممالک کا دورہ کرنے کے بعد ممبئی لوٹے تھے۔

بھارت کے ایک معتبر اخبار ’ٹائمز آف انڈیا“ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لابھ جنجوعہ چھ ماہ پہلے اس فلیٹ میں منتقل ہوئے تھے۔ ان کی بیوی اور دس سالہ بچہ کچھ دن پہلے ہی اپنے میکے چندی گڑھ گئے تھے۔

لابھ کے کچھ مشہور گانوں کے مکھڑے:
” منڈیاں تو بچ کے رہیں“
”سوہنی دے نخرے سونے لگدے مینوں“
” او یارا ڈھول بجاکے“
” ڈانس پہ چانس“

انہوں نے پیار کے سائیڈ افیکٹ، سیکنڈ ہینڈ ہسبینڈ، منی ہے تو ہنی ہے، پارٹنر، رب نے بنادی جوڑی، سنگھ از کنگ، سنگھ از بلنگ، کوئین اور گرم مصالحہ جیسی کامیاب فلمی گانوں کو اپنی آواز بخشی۔

XS
SM
MD
LG