رسائی کے لنکس

بھارتی ٹی وی سیریلز کی مقبول ترین جوڑیاں


بھارتی ٹی وی سیریلز کی مقبول ترین جوڑیاں
بھارتی ٹی وی سیریلز کی مقبول ترین جوڑیاں

بھارتی ٹی وی چینلز کے ڈرامہ سیریلز "کیوں کہ ساس بھی کبھی بہو تھی" اور"کہانی گھر گھر کی "تو آپ کو یاد ہوں گے ہی!!میہر اور تلسی، اوم اور پاروتی جیسے کردار بھی آپ کو نہیں بھولے ہوں گے۔ ۔۔یاد رکھنے کی ایک اہم وجہ ان کی طوالت بھی ہوسکتی ہے۔ایک ایک سریلز کئی کئی سال تک تقریباً ہر روزہی دیکھی جاتی رہی۔ بھارت اور پاکستان دونوں ممالک کی خواتین ان ڈراموں سے خوب محظوظ ہوتی رہی ہیں۔

اسی شہرت کے سبب ایک دو نہیں تقریباً تمام ٹی وی چینلز نے انہی جیسے بے شمار ڈرامے شروع کئے ہوئے ہیں اور ان ڈراموں میں ماضی کی کامیاب اور مشہور جوڑیوں کے ساتھ ساتھ بہت سی نئی جوڑیاں بھی مشہور ہو گئی ہیں جن کی شہرت بھی کسی طور کم نہیں۔آیئے آج ان میں کچھ مقبول جوڑیوں کے بارے میں بات کی جائے:

’بڑے اچھے لگتے ہیں‘ : رام کپور اور ساکشی تنوار

ساکشی تنوار کہانی گھر گھر میں پاروتی کا مقبول ترین کردار ادا کرچکی ہیں جبکہ رام کپور " کیوں کہ ساس بھی کبھی بہو تھی" کے ساتھ ساتھ انگنت ڈرامہ سیریلز میں کام کرچکے ہیں۔ ان دنوں ، ان کی سیریل " بڑے اچھے لگتے ہیں" کے نام سے سونی ٹی وی سے پیش کی جاتی ہے۔ سیریل کی کہانی پریا شرما اور رام کپور کے گرد گھومتی ہے جو شادی سے پہلے ایک دوسرے کے لئے بالکل اجنبی تھے ۔ شادی کے بعد دونوں میں رفتہ رفتہ پیار بڑھتا چلاجاتا ہے ۔۔ یہ جوڑی ذرا نئی ہے لیکن اس جوڑی کو عوامی سطح پر سب سے زیادہ پسندکیا جارہا ہے ۔سیریل کا ٹائٹل سانگ پرانا بھارتی فلمی گانا ہے جس کے بو ل ہیں؛ بڑے اچھے لگتے ہیں یہ دھرتی ، یہ ندیا۔۔یہ رینا ۔۔اور تم "تجزیہ کیا جائے تو اس ٹائیٹل سانگ نے سیریل میں چار چاند لگائے ہیں۔

’سسرال گیندا پھول‘ کے جے سونی اور راگنی کھنہ

اگرچہ اس کی کہانی کوئی نئی نہیں ہے،لیکن اس سیریل کی دلکشی یہ ہے کہ ہیرو اور ہیروئن کو ایک دوسرے سے بالکل ہی مختلف دکھایا گیا ہے۔ ایشان ایک بہت شریف اور اچھی سیرت کا لڑکا ہے جبکہ اس کے برخلاف سہانا بہت جوشیلی اور گرم مزاج لڑکی ہے۔جے سونی اور راگنی کھنہ کی ذہنی ہم آہنگی نے اسکرین پر جو خوبصورتی پیدا کی ہے، وہ دیکھنے کے لائق ہے۔ان دونوں فنکاروں کے سبب ہی سیریل ابھی تک مقبول ہے ورنہ اسے شروع ہوئے ایک سال سے زیادہ کا عرصہ ہوچکا ہے اور کہانی کئی موڑ لے کرایک جگہ آکر ٹھہر گئی ہے۔

’پیار کی یہ ایک کہانی‘ کے ویوین دسینا اور سکرتی کندپال

بالاجی ٹیلی فلمز کا یہ ڈیلی سوپ’ٹوئیلائٹ اینڈ ویمپائر ڈائریز‘ سے متاثر ہے۔ سیریل کی شہرت کے ساتھ ساتھ ویوین دسینا اور سکرتی کندپال بھی لوگوں کے دلوں میں جگہ بنارہے ہیں۔ اسی سریل کے دواور فنکار ابھے رائے چند اور پیالی جیسوال بھی ایک ساتھ کام کرتے ہوئے لوگوں کے دلوں میں جگہ بنارہے ہیں۔

”ساس بنا سسرال‘ کے روی دوبے اور ایشوریا سکھوجا

اس سوپ کی سب سے پہلی چیز جو متاثر کرتی ہے، وہ اس کا ٹائٹل ہے۔اس کی ایک اور متاثر کن چیز توستی اور تیج یعنی روی دوبے اور ایشوریا سکھوجا کی جوڑی ہے۔ دونوں فنکار کم عمر، توانا اور زندگی سے بھرپور نظر آتے ہیں اور یہی خوبیاں سریل دیکھنے والوں کو پسند آرہی ہیں۔

’پوتر رشتہ ‘ کے سوہانت سنگھ راجپوت اور انکتا لوکھنڈ

یہ سب سے زیادہ دیکھا جانے والا سوپ ہے ۔ اسے شروع ہوئے دو سال سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن یہ آج بھی پہلے روز کی طرح ہی سب میں مقبول ہے۔ اس سوپ کی ایک اور خوبی مانو اور ارچنا دیش مکھ یعنی سوہانت سنگھ راجپوت اور انکتا لوکھنڈکے درمیان بھرپور ہم آہنگی ہے۔ بس یہ بات بہت عجیب سی لگتی ہے کہ سوہانت سنگھ کو اس شو سے باہر کیا جا رہا ہے۔

’سسرال سیمر کا‘ کے شعیب ابراہیم اور دیپکا سیمسن

اس ڈرامے کی ہیروئن ڈانسر بننا چاہتی ہے جبکہ لڑکا ایک کامیاب بزنس مین ہے۔ پریم اور سیمر کی کہانی کم از کم کہنے کی حد تک تو بالکل نئی ہے۔ لوگ سیریل میں شعیب ابراہیم اور دیپکا سیمسن کا رومان مزید دیکھنا چاہتے ہیں۔

’کچھ تو لوگ کہیں گے‘ کے موہنیش بیہل اور کرتیکا کامرا

یہ سیریل اپنی غیر معمولی کہانی کی وجہ سے کافی مقبولیت حاصل کر چکی ہے۔ یہ ایک لو اسٹوری ہے جو دو نسلوں کے دو مختلف ڈاکٹرز کے درمیان گھومتی ہے۔ موہنیش بیہل فلمی اداکارہ نوتن کے بیٹے ہیں اور انہیں فلموں میں کام کرنے کا تجربہ بھی حاصل ہے جبکہ کرتیکا کامرا اپنی خوبصورتی کے سبب دیکھنے والوں کو سیریل سے باندھے ہوئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG