رسائی کے لنکس

پانچ سال پرانی محبت کو منزل مل گئی، سیف کرینہ ایک ہوگئے


سیف کرینہ شادی
سیف کرینہ شادی

گوٹا کناری سے سجے انتہائی خوبصورت ہرے رنگ کے جوڑے اور لال دوپٹے میں شرمائی شرمائی سی کرینہ اورسادہ سے کرتے پاجامے میں ملبوس نواب صاحب کا ’کپل‘ شاندار لگ رہا تھا

جس دن کا سب کو بے صبری سے انتظارتھا آخر کار وہ آہی گیا۔

بالی ووڈ بیوٹی کوئن کرینہ کپور اور ڈیشنگ سیف علی خان شادی کے حسین بندھن میں بند ھ گئے۔ دولہا ، دلہن اور ان کے گھر والوں نے فیصلہ کیا کہ شادی کی تقریب تو کی جائے سادگی سے جس میں دونوں خاندان اور قریبی دوست شرکت کریں، لیکن استقبالیہ ایسے شاہی انداز میں دیا جائے کہ لوگ مدتوں یاد رکھیں ۔

لہذا، اس پر عمل کرتے ہوئے 42 سالہ نواب آف پٹودی سیف علی خان اور بالی ووڈ کی فرسٹ فیملی کی لاڈلی اور چہیتی بیٹی 32 سالہ بے بو کی شادی منگل کی دوپہر سیف علی خان کے باندرہ والے بنگلے پر بخیر و خوبی انجام پاگئی۔

اِس موقع پرکرینہ کے والد رندھیر کپور، والدہ ببیتا کپوراور سیف کی والدہ شرمیلا ٹیگور بطور گواہ موجود تھے جبکہ کرشمہ کپوربھی اپنی اجالے بکھیرتی مخصوص مسکراہٹ کے ساتھ ’لٹل سسٹر‘ کی زندگی کے سب سے اہم دن پر ان کے ساتھ ساتھ تھیں۔

بھارتی میگزین ’انڈیا ٹو ڈے‘ کے مطابق سنہ 2007ء سے دوستی نبھاتے چلے آرہے سیف علی خان اور کرینہ کپور نے 2012ء کی شروعات میں شادی کرنے کا اعلان کر کے سب کو خوشگوا ر حیرت میں مبتلا کر دیا تھا۔ شادی کی تاریخ کے بارے میں دونوں کا کہنا تھا کہ مارچ 2012ء میں سیف کی ہوم پروڈکشن ’ایجنٹ ونود‘ کی ریلیز کے بعد شادی کریں گے۔

’سیفینا‘ کے نام سے بلائے جانے والے سیف اور کرینہ کی شادی کے بارے میں جتنی ایکسائٹمنٹ میڈیا اور ان کے چاہنے والوں کو تھی اتنی تو خود سیفینا کو بھی نہیں تھی ۔یہی وجہ ہے کہ سیف کے گھر کے باہر میڈیا نے ڈیرے ڈالے ہوئے تھے۔

ہمیشہ سے میڈیا فرینڈلی کپور فیملی نے اس بار بھی اپنی روایتی خوش اخلاقی کا مظاہر ہ کیا ۔ کرشمہ کپور اوران کے والد نے سیف کے گھر کی بالکونی میں آکر میڈیا اور پرستاروں کاہاتھ ہلا کر شکریہ اداکیا۔میرج رجسٹرار سرریکھا رمیش نے جیسے ہی میرج رجسٹریشن کی کارروائی مکمل کی خود ’مسٹر اینڈ مسز خان‘ نے بھی میڈیا کو اپنا جلوہ دکھایا اور ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

گوٹا کناری سے سجے انتہائی خوبصورت ہرے رنگ کے جوڑے اور لال دوپٹے میں شرمائی شرمائی سی کرینہ اورسادہ سے کرتے پاجامے میں ملبوس نواب صاحب کا ’کپل‘ شاندار لگ رہا تھا۔

سیف اور کرینہ کی شادی کے جشن کا آغاز اتوار کی شام کو ’فن پارٹی‘ سے ہوا جو بالی وڈ کے سب سے ہاٹ کپل نے اپنے قریبی دوستوں اور خاندان والوں کو دی تھی۔ کرینہ کے باندہ والے اپارٹمنٹ کے ٹیرس پر سجائی گئی شام کو رونق بخشنے کے لئے بالی وڈ کے کئی جانے مانے ستارے بھی موجود تھے۔

اورنج ۔یلو لہنگا اور گولڈن چولی میں ملبوس ، بالوں میں گجرا سجائے اور ہاتھوں میں ہری چوڑیاں پہنے کرینہ کسی پری کی طرح حسین لگ رہی تھیں جبکہ سیف سفید لباس میں ملبوس سادگی کا شاہکار دکھائی دے رہے تھے۔

سیف کی سابقہ بیوی امرتا سنگھ سے سیف کے دو بچے سارہ اور ابراہیم ہیں۔ یہ دونوں ہی سیف کی شادی کے بارے میں بہت پرجوش ہیں کیونکہ کرینہ سے ان کی بہت بنتی ہے۔ سارہ علی خان روایتی مشرقی لباس میں پارٹی میں پہنچیں۔ کیمروں کی عقابی نگاہوں نے انہیں گیٹ پر انویٹیشن کارڈ دکھاتے ہوئے پکڑ لیا اور ڈھیر ساری تصاویر بنا ڈالیں۔سیف کی بہن اور فلم اسٹار سوہا علی خان اپنے بوائے فرینڈ ایکٹر کنا ل کیھمو کے ساتھ بھائی کی خوشی میں شریک ہونے پہنچیں۔ وہ چوڑی دار پاجامے میں ہمیشہ کی طرح فریش اور خوبصورت لگ رہی تھیں۔

کرینہ کی فیملی میں سے ان کی آنٹی ریما، انکل رشی کپور کی بیوی نیتو کپورمحفل کی ’شوبھا‘ بڑھانے کو موجود تھیں۔ بالی وڈ سے کرن جوہر، ملائیکہ اروڑا خان، کرینہ کی گہری دوست امرتا اروڑا اور ان کے شوہر شکیل، سنجے کپور اور ان کی بیگم ماہیپ بھی ہلے گلے اور رونق کا حصہ رہے۔

اب کچھ بات شاہی ریسپشن کی جو ہریانہ میں واقع پٹودی پیلس میں اٹھارہ اکتوبر کو دیا جائے گا۔ یہ ایک ایسی ہی دعوت ہو گی جو قصے کہانیوں میں ہوتی ہے۔بھارت کے صدرپرناب مکھرجی سے لے کر ہر شعبے کی منتخب اعلیٰ شخصیات کو اس یادگار تقریب کے لئے مدعو کیا گیا ہے۔

تاریخی پٹودی پیلس جہاں آجکل ہوٹل قائم ہے سیف کا آبائی محل ہے۔ شان و شوکت و رعب دبدبے کانمونہ یہ عمارت اور اس کے اطراف میں پھیلے سبزہ زار دیکھنے والے کو اپنے حسن کے سحر میں جکڑ لیتے ہیں۔ ’منگل پانڈے‘،’ ویر زارا‘، ’رنگ دے بسنتی‘، ’گاندھی مائی فادر‘ اور ہالی وڈ فلم ’ایٹ،پرے ، لو‘ جیسی فلموں میں آپ یہ پٹودی محل دیکھ چکے ہیں۔

سیف نواب خاندان کی روایات اور رسومات اچھی طرح جانتے ہیں۔ اسی لئے نوابی ڈشز خاص طور پر مینو کا حصہ ہو ں گی۔ چوٹی کے شیف منفرد ذائقوں والے کباب اور بریانی تیار رکریں گے ۔

پریوں کی کہانیوں جیسے ماحول اور رنگ و نور کی برسات سے سجی سیف اور کرینہ کی شادی کی تقریبات کے بارے میں جتنے بھی اندازے لگائے گئے تھے مبصرین کا کہنا ہے کہ پٹودی پیلس میں ہونے والا ریسپشن ان سب سے کہیں آگے کی چیز ہو گا جسے اٹینڈ کرنے والے کبھی بھلا نہیں پائیں گے۔
XS
SM
MD
LG