رسائی کے لنکس

’’قبلہ درست کر لیں‘‘


خانہ کعبہ (فائل فوٹو)
خانہ کعبہ (فائل فوٹو)

انڈونیشیا کی علماء کونسل نے کہا ہے کہ اُس نے غلطی سے مارچ میں سعودی عرب کے شہر مکہ کی سمت مغرب میں تعین کرنے کااعلان کیا تھا جس کے باعث ملک کی مسلمان آبادی پچھلے کئی ماہ سے غلط رُخ میں کھڑے ہو کر نماز ادا کرتی آئی ہے۔

’’قبلہ درست کر لیں‘‘
’’قبلہ درست کر لیں‘‘

کونسل کے ایک رکن معروف امین نے کہا ہے کہ علمِ فلکیات کے ماہرین سے مشوروں کے بعد یہ انکشاف ہوا ہے کہ انڈونیشیا کے مسلمان مکہ کی بجائے جنوبی صومالیہ اور کینیا کی طرف رُخ کرکے نماز ادا کرر ہے تھے۔ اُنھوں نے کہا کہ اب نمازیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنا رُخ شمال مغرب کی طرف کر کے نماز ادا کریں۔

معروف امین نے کہا کہ قبلہ کے رُخ کے غلط تعین کا یہ ہرگز مطلب نہیں کہ جو نمازیں غلط رُخ میں ادا کی گئیں اُن کا ثواب نہیں ہو گا کیوں کہ”خدا کو معلوم ہے کہ انسانوں سے غلطیاں سرزد ہوتی ہیں“۔

انڈونیشیا سرکاری طور پر ایک سیکولر ریاست ہے جہاں 24 کروڑ سے زائد آباد ی کا 86 فیصد مسلمان ہیں اوریہ آبادی کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا مسلمان ملک ہے۔

ملک کی بااثر علماء کونسل اکثر فتوے جاری کرتی ہے جن میں مسلمانوں پر یوگا کے دوران نعرہ لگانے اور سگریٹ نوشی کی پابندیوں کے متنازعہ فتوے بھی شامل ہیں۔ کئی مسلمان ان فتووں پر من وعن عمل کرتے ہیں کیونکہ اِنھیں نظر انداز کرنا گناہ تصور کیا جاتا ہے۔


XS
SM
MD
LG