رسائی کے لنکس

امریکہ انڈونیشیا دفاعی تعاون کا فروغ، سمجھوتے پر دستخط


فائل
فائل

امریکہ نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے دفاعی اداروں کے درمیان مؤثر، احتساب پر مبنی، پیشہ ورانہ اور شفاف تعلقات کو فروغ حاصل ہوگا

انڈونیشیا اور امریکہ نے ایک مشترکہ ’ایکشن پلان‘ پر دستخط کیے ہیں، جس کا مقصد فوجی تعاون کو وسعت دینا اور انڈونیشیا کی دفاعی تیاری کو تقویت فراہم کرنا ہے۔

دستخط کی یہ تقریب بدھ کے روز جکارتہ میں منعقد ہوئی، جس میں وزارت دفاع کے سکریٹری جنرل لیفٹیننٹ جنرل ادیوان پرابووو اور نائب امریکی سفیر، کرسٹن بوئر موجود تھے۔

تقریب کے بعد، پرابووو نے بتایا کہ 2015ء کے اِس ایکشن پلان کی مدد سے انڈونیشیا میں اصلاحاتی امریکی دفاعی پروگرام کو معقول وسعت میسر آئے گی۔

پرابووو کے بقول، ’آج ہم 2015ء کے ماسٹر پلان کو قائم کر رہے ہیں۔ اِس تعاون کا ڈائریکٹوریٹ جنرل برائے دفاعی حکمت عملی، دفاعی منصوبہ بندی اور دفاعی استعداد سے تعلق ہوگا۔

بوور نے کہا کہ ’ایک طویل مدت سے امریکہ کی خواہش تھی کہ انڈونیشیا کے ساتھ دفاعی تعاون بڑھایا جائے‘۔

بوور کے الفاظ میں، ’ہمارے تعلقات فروغ پا رہے ہیں اور اُنھیں تقویت حاصل ہو رہی ہے۔ اور ہمارے دفاعی تعلقات اِس کا ایک کلیدی حصہ ہیں، اور یہ کبھی اتنے مضبوط نہیں تھے۔ گذشتہ سال، وفود کے 500 تبادلے ہوئے، مشترکہ مشقیں ہوئیں اور دیگر سرگرمیاں جاری رہیں، جب کہ اس سال مزید سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ ہمیں فخر ہے کہ ہم فوج اور فوجی سرگرمیوں کے میدان میں انڈونیشیا کے چوٹی کے ساجھے دار ہیں۔

امریکہ نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے دفاعی اداروں کے درمیان مؤثر، احتساب پر مبنی، پیشہ ورانہ اور شفاف تعلقات کو فروغ دیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG