رسائی کے لنکس

خود پسندی سے خود کی بربادی تک کی۔۔’انتہا‘


کہانی کا مرکزی خیال یہ ہے کہ آج کی عورت کبھی کبھی روشن خیالی اور آزادی کا غلط مطلب بھی لے لیتی ہے اور گھر کو اہمیت دینے سے زیادہ مردوں کے شانہ بشانہ چلنے کی خواہش میں بہت سی ذمے داریوں اور رشتوں تک کو بھول جاتی ہے

کچھ لوگ کہتے ہیں کہ آج کی نسل خود سری اور خودپسندی کا شکار ہے۔ کیا واقعی ایسا ہی ہے۔۔! یہ وہ خیال ہے جس کا تانا بانا پاکستان کے نجی ٹی وی چینل ’ایکسپریس انٹرٹینمنٹ‘ سے پیش کئے جانے والے نئے ڈرامہ سیریل ’انتہا‘ میں پیش کیا گیا ہے۔

ٹی وی ایکٹر عبداللہ کادوانی کے پرائیویٹ پروڈکشن ہاوٴس ’سیونٹھ اسکائی‘ کے تیارکردہ اس سیریل کی پہلی قسط منگل کی رات ٹیلی کاسٹ کی گئی۔ گو کہ پہلی قسط سے آئندہ کیا ہوگا۔ یہ کہنا مشکل ہے، لیکن اندازوں سے واضح ہو رہا ہے کہ کہانی متعدد چینلز اور ڈھیر سارے ڈاموں کی موجودگی میں بھی آسانی سے اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوجائے گی۔

کہانی کا مرکزی خیال یہ ہے کہ آج کی عورت کبھی کبھی روشن خیالی اور آزادی کا غلط مطلب بھی لے لیتی ہے اور گھر کو اہمیت دینے سے زیادہ مردوں کے شانہ بشانہ چلنے کی خواہش میں بہت سی ذمے داریوں اور رشتوں تک کوبھول جاتی ہے۔

ڈرامے کا مرکزی کردار ’فلک ناز‘ ہے جو اپنے والد جاوید صاحب کی لاڈلی اور سمجھدار بیٹی ہے۔ جاوید صاحب فلک پر اپنے بیٹے سے زیادہ بھروسہ کرتے ہیں مگر باپ کے بے جالاڈ پیار اور طرف داری نے فلک کو خودسر بنا دیا ہے لیکن شادی کے بعد اس کا بھیانک انجام سامنے آتا ہے۔

ڈرامے کو تحریر کیا ہے سائرہ عارف نے۔ ہدایات دی ہیں عرفان اسلم نے جبکہ مرکزی کرداروں میں شامل ہیں سنبل اقبال،جنید خان، صنم چوہدری، فرحان علی آغا، ہما نواب، محمود اختر، منظور قریشی، نائمہ خان، کرن تعبیر، فیصل نقوی، سیمی پاشا، سعدیہ غفار اور منیب بٹ۔

XS
SM
MD
LG