رسائی کے لنکس

ترقی پذیر ممالک, انٹرنیٹ تک عام رسائی انتہائی اہم: رپورٹ


کوالہ لمپور کا ایک سائبر کیفے، انٹرنیٹ کی سہولت
کوالہ لمپور کا ایک سائبر کیفے، انٹرنیٹ کی سہولت

جائزہ رپورٹ میں حکومتوں اور عطیہ دہندہ تنظیموں پر زور دیا گیا ہے کہ انٹرنیٹ تک عوامی رسائی کے لیے سرمایہ کاری میں اضافہ کیا جائے، اور اِنھیں قومی دھارے کا ایک جُزو بنایا جانا چاہیئے

ایک جائزہ رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ ترقی پذیر ملکوں میں مقامی حکومتوں اور کاروباروں کی طرف سے کمپیوٹروں اور انٹرنیٹ تک عام دسترس فراہم کرنے میں عدم دلچسپی کے باعث، اِس بات کا خدشہ ہے کہ معاشرے کے کم مراعات یافتہ گروپ اطلاعات کی فراہمی کے ایک کلیدی ذریعے سے محروم ہوجائیں۔

سیئاٹل میں قائم ’یونیورسٹی آف واشنگٹن انفارمیشن اسکول‘ کے تحقیق کاروں کے ایک گروپ کا کہنا ہے کہ کمپیوٹروں اور انٹرنیٹ پر عوامی رسائی لوگوں کو اطلاعات اور ہنر سے منسلک رکھنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔

نئی ٹیکنالوجی، مثلاً سمارٹ فونز اور ہوم کمپیوٹرز میدان میں آنے سے، ادارے انٹرنیٹ سے منسلک پبلک کمپیوٹرز تک رسائی فراہم کرنے کے کام میں دلچسپی کھوتےجارہے ہیں۔ یہ رجحان خصوصی طور پر ترقیاتی اداروں میں نمایاں نظر آتا ہے۔

جائزہ رپورٹ میں حکومتوں اور عطیہ دہندہ تنظیموں پر زور دیا گیا ہے کہ انٹرنیٹ تک عوامی رسائی کے لیے سرمایہ کاری میں اضافہ کیا جائے، اور اِنھیں قومی دھارے کا ایک جُزو بنایا جانا چاہیئے۔

تحقیق کاروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ کمپیوٹر گیمز اس لیے سودمند خیال کی جاتی ہیں کہ اِن کی مدد سے فنی مہارت پیدا ہوتی ہے۔


پانچ برس تک جاری رہنے والی اِس تحقیق میں کمپیوٹر استعمال کر نے والے 5000عام لوگ اور 2000کمپیوٹر نہ استعمال کرنے والوں کے علاوہ پبلک کو رسائی فراہم کرنے والے 1250 کارندوں کو بھی شامل کیا گیا۔

تحقیق کار بتاتے ہیں کہ جائزے میں شامل کیے جانے والے ایک تہائی افراد کے لیےانٹرنیٹ ہی اطلاعات کا ایک واحد ذریعہ ہے، جب کہ نصف سے بھی زیادہ افراد کا کہنا تھا کہ اگر عام رسائی کی سہولت ختم کی جاتی ہے تو اُن کے لیے کمپیوٹر کا استعمال کم ہوجائے گا۔


اِس تحقیق میں آٹھ ترقی پذیر ممالک کو شامل کیا گیا۔

جائزہ رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ انٹرنیٹ کیفے، ٹیلی سینٹرز اور پبلک لائبریریوں میں فراہم کردہ کمپیوٹرز کی مدد سےکم مراعات یافتہ افراد، خواتین، دیہاتی لوگ اور اکثر و بیشتر نظرانداز ہونے والے گروپ انٹرنیٹ تک رسائی سے استفادہ کیا کرتے ہیں۔

تحقیق کاروں کے مطابق، اِن کا سب سے بڑا فائدہ تعلیم کے شعبے، روزگار کی تلاش اور صحت سے متعلق معاملات کے جواب کا حصول ہوتا ہے، جس ضمن میں یہ انتہائی سودمند مند ثابت ہوتے ہیں۔
XS
SM
MD
LG