رسائی کے لنکس

صحافی کی ہلاکت، انٹرپول کا بین الاقوامی اقدام پر زور


جیمز فولی
جیمز فولی

انٹرپول کا کہنا ہے کہ جیمز فولی کی ہلاکت کے واقع پر دنیا سکتے کے عالم میں ہے اور اس سے عراق اور شام میں کارفرما دولت الاسلامیہ کے جنگجوؤں کی اخلاقی بے راہ روی کا بخوبی پتا چلتا ہے

انٹرپول کا کہنا ہے کہ دولت الاسلامیہ کے شدت پسندوں کے ہاتھوں امریکی صحافی کا سر قلم کیے جانے کے واقع سے غیرملکی جنگجوؤں کےمشرق وسطیٰ کے متنازع خطوں کی طرف لشکر کشی کے خطرے کی گھنٹی کو ظاہر کرتا ہے، جس سے نمٹنے کے لیے ایک عالمی حکمت عملی اپنانے کی ضرورت کی نشاندہی ہوتی ہے۔

گروپ نے جمعرات کے روز کہا کہ جیمز فولی کی ہلاکت کے واقع پر دنیا سکتے کے عالم میں ہے اور اس سے عراق اور شام میں کارفرما دولت الاسلامیہ کے جنگجوؤں کی اخلاقی بے راہ روی کا بخوبی پتا چلتا ہے۔


اس بیان سے قبل، بدھ کے روز امریکی صدر براک اوباما نے اِسی قسم کے خیال کا اظہار کیا تھا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’امریکہ کو امریکیوں کے تحفظ کے لیے اقدامات جاری رکھنے چاہئیں، باوجود اِس بات کے کہ یرغمال بنائے گئے ایک اور صحافی کی زندگی کو خطرہ لاحق ہے‘۔

اوباما کے بقول، جِم فولی کی زندگی اُن کے قاتلوںٕ کے برعکس نوعیت کی تھی۔ ہمیں آئی ایس آئی ایل (جو کہ دولت الاسلامیہ کا دوسرا نام ہے) کے بارے میں صاف گوئی سے کام لینا چاہیئے۔ اِنھوں نے شہروں اور دیہات کی اکھاڑ پچھاڑ کر دی ہے، اور تشدد کی کارروائیاں کرتے ہوئے، بزدلانہ طور پر بے گناہ، غیرمسلح شہریوں کو نشانہ بنا رکھا ہے‘۔

وڈیو میں، دولت الاسلامیہ نے، جس میں فولی کی ہلاکت کو دکھایا گیا ہے، کہا ہے کہ ایک اور اخباری نامہ نگار، اسٹیون سوٹلوف ابھی اُن کے قبضے میں ہیں۔


پینٹاگان نے بدھ کے روز بتایا کہ اُس نے دولت الاسلامیہ سے امریکی یرغمالی، جن میں فولی بھی شامل تھے، بازیاب کرانے کی ایک ناکام کوشش کی تھی۔

ترجمان، جان کِربی نے کہا کہ یہ مشن اس لیے ناکام رہا کیونکہ یہ یرغمالی اُس مقام پر نہیں تھے جہاں خیال کیا جارہا تھا کہ اُنھیں قید میں رکھا گیا تھا۔ تاہم، اُنھوں نے اس بات کی تفصیل نہیں بتائی کہ یہ کوشش کب اور کہاں کی گئی تھی۔


ایک اعلیٰ امریکی عہدے دار نے کہا ہے کہ صدر اوباما نے اِسی موسم گرما کے دوران إِس مشن کی اجازت دی تھی۔

اُنھوں نے کہا کہ یہ ایک ’پیچیدہ کارروائی‘ تھی اور یہ کہ امریکی افواج نے دولت الاسلامیہ کے ساتھ گولیوں کا تبادلہ کیا تھا۔ اس کارروائی کے دوران، ایک امریکی معمولی طور پر زخمی ہوگیا تھا۔


پینٹاگان نے بدھ کے روز عراق میں دولت الاسلامیہ کے شدت پسندوں کے خلاف مزید فضائی کارروائیاں کیں، باوجود اِس بات کے کہ اُنھیں دھمکی مل چکی تھی کہ وہ سوٹلوف کو بھی ہلاک کرسکتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG