رسائی کے لنکس

’ہم‘ کی فیملی میں ایک اور اضافہ: ’ہم یورپ‘


’ہم یورپ‘ کو ’برٹش اسکائی براڈ کاسٹنگ‘ (بی اسکائی بی) کے ذریعے دیکھا جا سکتا ہے

کراچی ۔۔۔ پاکستانی ڈراموں کے حوالے سے مشہور نجی ٹی وی نیٹ ورک’ہم‘ کی فیملی میں ایک اور نئے ’ممبر‘ کا اضافہ ہوگیا ہے۔ اس ممبر کا نام ہے ’ہم یورپ‘۔ یہ چینل تین روز پہلے ہی برطانیہ سے شروع ہوا ہے۔

نیٹ ورک کی صدر سلطانہ صدیقی کا کہنا ہے کہ ’نئے چینل کا مقصد یورپ میں مقیم جنوبی ایشیائی عوام کو اعلیٰ اور معیاری تفریح فراہم کرنا ہے۔ یورپ میں جنوبی ایشیائی چینلز کے ناظرین کی بہت بڑی تعداد موجود ہے۔‘

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’ہم‘ بین الاقوامی ناظرین میں بھی اتنا ہی مقبول ہے جتنا پاکستان میں۔ اس نکتے کو مدنظر رکھتے ہوئے، ہمیں ’ہم یورپ‘ کی کامیابی کا پورا یقین ہے۔‘

انہوں نے اس اْمید کا بھی اظہار کیا کہ بہت جلد ’ہم‘ دنیا بھر میں موجود تمام اردو بولنے اور سمجھنے والوں میں سب سے مقبول چینل ہوگا۔

نیٹ ورک کی جانب سے ’وائس آف امریکہ‘ کو جاری تفصیلات کے مطابق’ہم یورپ‘ کو ’برٹش اسکائی براڈ کاسٹنگ‘ (بی اسکائی بی ) کے ذریعے دیکھا جا سکتا ہے۔

’ہم‘
ادارے کے پبلک ریلیشنز ڈپارٹمنٹ کے عہدیدار منہاس صغیر نے وی او اے کو بتایا ’نیٹ ورک کے سب سے پہلے چینل ’ہم‘ نے بہت کم وقت میں ہر جگہ اپنی منفرد پہچان بنائی ہے۔

پاکستانی خواتین کی بہت بڑی تعداد میں اس سے پیش ہونے والے پروگرامز خاص کر ڈرامہ سیریلز پسند کئے جاتے ہیں۔ اسی مقبولیت کے سبب دنیا کے کئی دیگر چینلز ان ڈراموں کو اپنی اپنی زبانوں میں ترجمہ کرکے ٹیلی کاسٹ کرتے ہیں۔

’ہم ورلڈ‘
’ہم‘ نے اپنی پہلی بین الاقوامی نشریات شمالی امریکہ کے لئے وقف چینل ’ہم ورلڈ‘ کے ذریعے متعارف کرائی تھی، جبکہ مشرقی وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے ناظرین کے لئے ’ہم مینا‘ کے نام سے بھی نشریات شروع کی ہوئی ہیں۔

’مصالحہ ‘ ۔۔۔ پہلا کوکنگ چینل
نیٹ ورک نے کھانا پکانے میں دلچسپی رکھنے والے ناظرین کی پسند کو بھی اہمیت دی اور جنوبی ایشیاء کا پہلا 24گھنٹے چلنے والا کوکنگ چینل ’مصالحہ‘ متعارف کرایا۔ ’مصالحہ‘ اپنی نوعیت کا پہلا چینل ہے جسے اس وقت بھی دیگر کوکنگ چینلوں پربرتری حاصل ہے۔

’ہم ستاری‘
ہم نیٹ ورک نے پاکستان کی فیشن صنعت کو معاونت فراہم کرنے کی غرض سے اسٹائل360 برانڈ کو متعارف کرایا جو پاکستان کی بڑی فیشن تقریبات بشمول ’برائیڈل کیٹیور ویک‘ کا منتظم ہے۔ نیٹ ورک نے حال ہی میں ’ہم ستارے‘ کے نام سے ایک نیا چینل بھی متعارف کرایا ہے جس پر ’سٹ کام‘ فیشن شوز اور گیم شوز نشر کئے جاتے ہیں۔
XS
SM
MD
LG