رسائی کے لنکس

نیویارک: دھماکے میں ملوث مشتبہ شخص کی تصویر جاری


اایف بی آئی کا کہنا ہے کہ احمد خان راحمی  ہفتے کی رات ساڑھے آٹھ بجے  چیلیسا  میں ہونے والے بم دھماکے کے سلسلے میں پوچھ گچھ کے  لیے مطلوب ہے جس میں 29 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

نیویارک میں حکام ہفتے کی رات مین ہیٹن میں بم دھماکے سے تعلق کے سلسلے میں ایک 28 سالہ شخص کی تلاش کررہی ہے جس پر گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران علاقے میں دھماکہ خیز مواد رکھنے کے چار واقعات میں سے ایک میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔

ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ احمد خان راحمی ہفتے کی رات ساڑھے آٹھ بجے چیلیسا میں ہونے والے بم دھماکے کے سلسلے میں پوچھ گچھ کے لیے مطلوب ہے جس میں 29 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

حکام نے احمد خان راحمی کی تصویر جاری کر دی ہے۔

امریکہ کا وفاقی تحقیقاتی ادارہ اور پولیس ہفتے کی رات مین ہیٹن کے ایک علاقے میں ہونے والے بم دھماکے اور اس کے قریب سے ملنے والے ایک دوسرے بم کے درمیان ممکنہ تعلق کی تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے۔

حکام نے اتوار دیر گئے نیویارک کے بروکلن کے علاقے میں ایک مشتبہ گاڑی کو روکا اور ’ایف بی آئی‘ کا کہنا ہے کہ اس نے گاڑی میں موجود پانچ افراد سے پوچھ گچھ کی تاہم ان میں کسی بھی شخص پر الزام عائد نہیں کیا گیا ہے۔

چیلسیا کے علاقے میں ہونے والے دھماکے میں زخمی ہونے والے 29 افراد کو اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

ہفتے کو ہونے والے دھماکے میں ایک پریشر ککر کو استعمال کیا گیا جس کے ساتھ ایک موبائل فون کو جوڑا گیا تھا جب کہ اس کے تھوڑی دیر کے بعد ہی حکام کو ایک دوسرا بم ملا، تاہم پولیس نے اسے وہاں سے ہٹا دیا۔

امریکی نشریاتی ادارے 'سی این این' نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ جہاں یہ دونوں بم نصب کیے گئے تھے ان مقامات پر لگے نگرانی کیمروں کی ریکارڈنگ میں ایک ہی شخص کو دیکھا گیا ہے۔

نیویارک شہر کے میئر بل ڈی بلاسیو نے اتوار کو متنبہ کیا کہ اس واقعہ کے محرکات کا پتہ لگانے کے لیے مزید تحقیقات ہونا ابھی باقی ہیں۔

نیویارک کے گورنر اینڈریو کیومو نے اس دھماکے کو "دہشت گردی کی کارروائی" قرار دیا تاہم انہوں نے کہا کہ "بین الاقوامی دہشت گردی" (سے اس کے تعلق) کے کوئی شواہد نہیں ملے ہیں۔

گورنر کیومو نے کہا کہ احتیاطی اقدام کے تحت پولیس اور نیشنل گارڈ کے ایک ہزار اضافی اہلکار نیویارک کے زیر زمین ریل کے نظام کی نگرانی کے لیے گشت کریں گے۔

دونوں رہنماؤں نے کہا کہ ابھی تک ایسے شواہد نہیں ملے ہیں جو نیویارک کے واقعہ کا تعلق اس پائپ بم کے ساتھ منسلک کریں جو ہفتے کی صبح کو نیوجرسی کے ساحل پر ایک کوڑا دان میں پھٹا تھا۔ اس واقعہ میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا تھا۔

XS
SM
MD
LG