رسائی کے لنکس

ایران: ریڈیو فردا سے تعلق کے شبے میں سات افراد گرفتار


ایران: ریڈیو فردا سے تعلق کے شبے میں سات افراد گرفتار
ایران: ریڈیو فردا سے تعلق کے شبے میں سات افراد گرفتار

ایران کے سرکاری میڈیا نے کہا ہے کہ ایرانی حکومت نے امریکی فنڈ سے چلنے والے ریڈیو فردا سے تعلق کی بنا پرسات افراد کو گرفتار کرلیا ہے اور ان میں سے کچھ پر امریکہ کے لیے جاسوسی کرنے کاالزام لگایا ہے۔

ایران کے سرکاری خبررساں ادارے ’ارنا‘ نے کہاہے کہ ان سات افراد پر گذشتہ دسمبر میں حکومت مخالف پُرتشدد مظاہروں کے دوران مظاہرین کو اشتعال دلانے کا شبہ ہے۔

عاشورہ کے موقع پر سکیورٹی فورسز اور حزب اختلاف کے حامیوں کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں کم ازکم آٹھ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

خبررساں ادارے ارنا نے گرفتار کیے جانے والے افراد کی شناخت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔ ریڈیو فردا ، جمہوریہ چیک کے شہر پیراگ میں قائم ہے اور فارسی زبان میں پروگرام پیش کرتا ہے۔ اسے امریکی حکومت فنڈز فراہم کرتی ہے۔

یہ گرفتاریاں ایک ایسے وقت میں ہوئی ہیں جب ایران 1979ء کے اپنے اسلامی انقلاب کی 31 ویں سالگرہ کی تقریبات کا آغاز کررہا ہے۔

حزب اختلاف کے راہنماؤں میرحسین موسوی اور مہدی کروبی نے اپنے حامیوں پر زور دیا ہے کہ 11 فروری کی مارچ کے موقع پر اپنی آواز بلند کریں۔ ایرانی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ اگر احتجاج ہوا تو وہ سخت کارروائی کرے گی۔

XS
SM
MD
LG