رسائی کے لنکس

نئے بجٹ سے تیل کی آمدنی پر انحصار گھٹ جائے گا: ایرانی صدر


نئے بجٹ سے تیل کی آمدنی پر انحصار گھٹ جائے گا: ایرانی صدر
نئے بجٹ سے تیل کی آمدنی پر انحصار گھٹ جائے گا: ایرانی صدر


ایران کے صدر محمود احمدی نژاد نے پارلیمنٹ میں وہ بجٹ پیش کردیا ہے، جس کے بارے میں اُن کا کہنا ہے کہ یہ بجٹ تیل سے حاصل ہونے والی آمدنی پر ملک کے انحصار کو کم کردے گا۔

ایران کے تیل کی برآمدات سے عموماً حکومت کی کُل آمدنی کے تقریباً 80 فیصد کے برابر آمدنی ہوتی ہے۔مسٹر احمدی نژاد نے اتوار کے روز ارکانِ پارلیمنٹ کو بتا یا ہے کہ اُن کا بجٹ تیل کی بجائے دوسرے شعبوں میں محصولات میں اضافہ کرے گا۔ لیکن انہوں نے اس کی کوئى تفصیل نہیں بتائى۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت کے اخراجات میں زراعت اور تحقیق پر زیادہ توجہ دی جائے گی۔

ایرانی صدر نے بجٹ پیش کرتے ہوئے اپنی تقریر میں آمدنی یا اخراجات کے اعدادوشمار کا کوئى اعلان نہیں کیا۔ عہدے داروں کا کہنا ہے کہ اعدادو شمار بعد میں جاری کیے جائیں گے۔

ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی مہر نے اطلاع دی ہے کہ مسٹر احمدی نژاد نے اپنے بجٹ میں 268 ارب ڈالر کے اخراجات تجویز کیے ہیں۔ اور یہ رقم سالِ رواں کے بجٹ میں اخراجات کی رقم سے 89 ارب ڈالر زیادہ ہے۔ ایران کا مالی سال مارچ کے مہینے سے شروع ہوتا ہے۔

مہر کا کہنا ہے کہ نیا بجٹ خام تیل کی متوقع قیمت 60 ڈالر فی بیرل کی بنیاد پر بنایا گیا ہے ۔ جو گذشتہ بجٹ میں مفروضہ قیمت 37 فی بیرل سے بہت زیادہ ہے۔

ایرانی پارلیمنٹ کے ارکان توانائى اور کھانے پینے کی اشیا پر مہنگی کفالتوں کو ختم کردینے کے لیے حکومت کی ایک تجویز کی پہلے ہی منظوری دے چکے ہیں۔توقع ہے کہ اس اقدام سے اگلے مالی سال کے دوران تقریباً 100 ارب ڈالر کی بچت ہوگی۔

XS
SM
MD
LG