رسائی کے لنکس

ایف بی آئی کے لاپتا سابق ایجنٹ کی ویڈیو جاری


ایف بی آئی کے لاپتا سابق ایجنٹ کی ویڈیو جاری
ایف بی آئی کے لاپتا سابق ایجنٹ کی ویڈیو جاری

ایف بی آئی کے ایک ریٹائرڈ ایجنٹ کے، جس کے متعلق یہ خیال کیا جاتا ہے کہ اسے 2007ء میں ایران میں اغوا کرلیا گیا تھا، خاندان نے اس کی ایک ویڈیو جاری کی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ زندہ ہے۔

جمعے کے روز 54سالہ رابرٹ لیون سن کی جاری ہونے والی اس دوسری ویڈیو میں ایک نامعلوم مقام پر وہ تھکا ماندہ اور کمزور دکھائی دے رہاہے اور امریکی حکومت سے اپیل کررہاہے کہ وہ اسے اغوا کرنے والی تنظیم کے مطالبات پر اپنا ردعمل دے۔ ویڈیو میں تنظیم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

ویڈیو میں لیون سن نے بتایا کہ اغواکار اس سے اچھا برتاؤ کررہے ہیں ، لیکن اس کی صحت اچھی نہیں ہے اور اس کے پاس ذیابیطس کی دوائیاں ختم ہوچکی ہیں۔

لیون سن کے خاندان کا کہناہے کہ انہیں یہ ویڈیو گذشتہ سال نومبر میں ملی تھی۔

لیون سن کی رہائی کے لیے بنائی جانے والی ویب سائٹ پر ، اس کے بیٹے اور بیوی نے اغواکاروں سے کہا ہے کہ وہ اپنے مطالبات بتائیں۔

مارچ میں امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن نے کہاتھا کہ خیال ہے کہ لیون سن کو جنوبی مشرقی ایشیا میں کسی مقام پر رکھا جارہاہے۔ انہوں نے ایران سے اپیل کی کہ وہ انسانی ہمدردی کے تحت لیون سن کو بحفاظت گھر پہنچانے کے لیے اقدامات کریں۔

ایرانی حکام کا کہناہے کہ ان کے پاس لیون سن کے بارے میں کسی طرح کی معلومات نہیں ہیں، لیکن ان کا کہناہے کہ وہ اس سلسلے میں مدد کے لیے تیار ہیں۔

لیون سن نے ایف بی آئی سے ریٹائرمنٹ لینے کے لیے ایک پرائیویٹ تقتیش کار کے طورپر کام شروع کیاتھا۔ وہ 2007ء میں اپنے ایک کاروباری دورے پر جزیرہ کش گیاتھا۔ اس کے خاندان کا کہناہے کہ وہ وہاں سگریٹوں کی اسمگلنگ کی تحقیقات کے لیے گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG