رسائی کے لنکس

ایرانی تحویل میں موجود جرمن باشندوں سے اہلِ خانہ کی ملاقات


ایرانی تحویل میں موجود جرمن باشندوں سے اہلِ خانہ کی ملاقات
ایرانی تحویل میں موجود جرمن باشندوں سے اہلِ خانہ کی ملاقات

ایران کی خبر رساں ایجنسی "مہر " کا کہنا ہے کہ ایرانی سیکیورٹی اداروں کی تحویل میں موجود دو جرمن صحافیوں سے ان کے اہلِ خانہ نے پیر کے روز جیل میں ملاقات کی ہے۔

ایرانی حکام کی جانب سے مذکورہ ملاقات کی اجازت جرمنی کے شدید دبائو کے تحت دی گئی۔ اس سے قبل جرمن وزارتِ خارجہ نے برلن میں تعینات ایرانی سفیر کو طلب کرکے ملاقات کی اجازت دینے سے ایرانی حکام کے انکار پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔

جرمن حکام کے مطابق ایران کی جانب سے دونوں صحافیوں کے اہلِ خانہ کو کرسمس کی چھٹیوں کے دوران ملاقات کی اجازت دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ تاہم بعد میں ایران کی جانب سے گرفتار شدگان کو مذکورہ سہولت دینے سے انکار کرنے پر برلن میں تعینات ایرانی سفیر کو طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

ایک جرمن ہفت روزہ کے مطابق دونوں صحافی زنا کے الزام کے تحت سنگساری کی سزا پانے والی ایک ایرانی خاتون کے کیس کی چھان بین کرنے کیلیے ایران گئے تھے جہاں انہیں رواں سال اکتوبر میں ایران کے شمال مغربی شہر تبریز سے حکام نے حراست میں لے لیا تھا۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ دونوں صحافی وزیٹنگ ویزا پر ملک میں داخل ہوئے تھے اور ویزا کی شرائط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بغیر اجازت پیشہ وارانہ سرگرمیاں انجام دے رہے تھے۔

XS
SM
MD
LG