رسائی کے لنکس

ایران میں اسرائیلی جاسوس سمیت دو افراد کو پھانسی


ایران میں اسرائیلی جاسوس سمیت دو افراد کو پھانسی
ایران میں اسرائیلی جاسوس سمیت دو افراد کو پھانسی

ایران کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ ایرانی عدالتوں کی جانب سے ایک اسرائیلی جاسوس سمیت دو افراد کو سنائی گئی موت کی سزا پر عمل درآمد کردیا گیا ہے۔

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی "ارنا" کے مطابق اسرائیل کیلیے جاسوسی کرنے کا اعتراف کرنے والے علی اکبر سیادات نامی شخص کو منگل کی صبح تہران کے ایون جیل میں پھانسی دی گئی۔

ایجنسی کے مطابق سیادات نے ایک ایرانی عدالت کے سامنے اسرائیل کیلیے پانچ سال تک جاسوسی کرنے اور ایران کی انتہائی حساس نوعیت کی فوجی دستاویزات 60 ہزار ڈالرز کے عوض اسرائیل کے حوالے کرنے کا اعتراف کیا تھا۔

ایران میں اسرائیلی جاسوس سمیت دو افراد کو پھانسی
ایران میں اسرائیلی جاسوس سمیت دو افراد کو پھانسی

"ارنا" کا کہنا ہے کہ سیادات نے ترکی، تھائی لینڈ اور نیدرلینڈ میں اسرائیلی ایجنٹوں سے ملاقاتیں کرکے انہیں ایران کے جنگی جہازوں، میزائل اور دیگر اسلحے سے متعلق انتہائی حساس معلومات فراہم کی تھیں ۔ سیادات کو ایرانی سیکیورٹی اداروں کی جانب سے 2008 میں اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ اپنی بیوی کے ہمراہ ملک سے فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا۔

"ارنا" کے مطابق منگل کے روز پھانسی پانے والے علی سریمی نامی دوسرے فرد کا تعلق ایک جلاوطن اپوزیشن گروپ "مجاہدینِ خلق"سے ہے۔

پیرس میں واقع گروپ کے دفتر کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں سمیری کو سنائی گئی پھانسی کی سزا پر عمل درآمد کی تصدیق کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پھانسی کی سزا پر عمل درآمد یہ ظاہر کرتا ہے کہ ایرانی حکومت اپنے مخالفین سے نبٹنے میں ناکامی پر بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے۔

بیان کے مطابق ایرانی حکام نے پھانسی کی سزا پانے والے علی سریمی کی بیٹی کو بھی جیل کے باہر سے گرفتار کرلیا ہے جو وہاں اپنے باپ کی سزا کے خلاف احتجاج کررہی تھیں۔

واضح رہے کہ ایران "مجاہدینِ خلق" کو دہشت گرد تنظیم قرار دیتا ہے۔

XS
SM
MD
LG