رسائی کے لنکس

خمینی کی برسی: ایرانی رہنماؤں کی اسرائیل اور امریکہ کے خلاف بیان بازی


احمدی نژادنےاسرائیل کو ایک سرطان قرار دیا اور دعویٰ کیا کہ اُس کے دِن اب گنِے چنُے ہیں

ایران کے صدرمحمود احمدی نژاد اور رہبرِاعلیٰ آیت اللہ علی خامنائی نےاسلامی جمہوریہ کے بانی آیت اللہ روح اللہ خمینی کی اکیسویں برسی کےموقع پراسرائیل اور امریکہ کے لیےسخت الفاظ استعمال کیے ہیں۔

ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اِس موقع پر ایران کی اپوزیشن تحریک کو بھی انتباہ کیا گیا جو گذشتہ سال کے متنازعہ صدارتی انتخاب کی یاد میں تقریب منعقد کرنے کی خواہشمند ہے۔

ایرانی ٹیلی ویژن نے بتایا ہے کہ 50ہزار بسوں میں 20لاکھ لوگ اِس تقریب میں شرکت کے لیے تہران میں جمع ہوئے۔

سخت مؤقف رکھنے والے حکومت کے حامی امام خمینی کے مزار کے پاس اگلی صف میں نشست سنبھالے ہوئے تھے۔ رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ عل خامنائی نے دعائیہ تقریب کی صدارت کی۔

آیت اللہ خامنائی نے مرحوم آیت اللہ خمینی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے افکار اور آدرش کے صحیح محافظ ہیں۔ آیت اللہ نے بظاہر اپنی تنقید کا نشانہ اپوزیشن لیڈر میر حسین موسوی کو باکیا۔

اُنھوں نے یہ کہا کہ کوئی شخص بھی جو آیت اللہ کے دشمنوں اور اُن کے عقائد کے مخالفین سے ناطہ جوڑتا ہے وہ اُن کا حامی ہونے کا دعویٰ نہیں کرسکتا۔ آیت اللہ خامنائی نے شاہ پسندوں، مجاہدینِ خلق، امریکہ، برطانیہ اور اسرائیل کی مذمت کی۔ اُنھوں نے اسرائیل کو ایک سرطان قرار دیا اور دعویٰ کیا کہ اُس کے دِن اب گنِے چنُے ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ صیہونیوں کو اپنی غلطیوں کی قیمت چکانی پڑے گی۔ اُنھوں نے خاص طور پر 2006ء میں لبنان کی حزب اللہ کے خلاف اسرائیل کے اقدامات، گذشتہ سال غزہ میں لڑائی اور غزہ کے لیے امداد لے جانے والے بحری قافلے پر ہلہ بولنےکی حالیہ کارروائی کا ذکر کیا۔

اُنھوں نے کہا کہ یہ غلطیاں اِس بات کی غماز ہیں کہ ایک ریاست کی حیثیت سے اسرائیل کی بقا اپنے اختتام پر ہے۔

ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے بھی اجتماع سے خطاب کیا اور خود کو آیت اللہ خمینی کی سیاسی مشعل کا حقدار قرار دیا۔ اُنھوں نے یاد دلایا کہ آیت اللہ خمینی نے اسرائیل کو شیطان بزرگ قرار دیا تھا۔

اپوزیشن رہنما میر حسین موسوی اور مہدی کروبی نے اگلے ہفتے گذشتہ سال کے متنازع صدارتی انتخاب کی پہلی سالگرہ کے موقع پر مظاہرے کے لیے اجازت کی درخواست دے رکھی ہے۔

حکومت مقبولِ عام مظاہروں کی حوصلہ شکنی کرنا چاہتی ہے اور اُس کا کہنا ہے کہ اُنھیں برداشت نہیں کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG