رسائی کے لنکس

امریکہ جوہری مجرم ہے: خامنہ اِی کا بیان


ایران کے رہبرِ اعلیٰ نے تہران میں جوہری توانائی کی بین الاقوامی کانفرنس کے دوران امریکہ کو دنیا کا واحد جوہری مجرم قرار دیا۔

آیت اللہ خامنہ اِی نے ہفتے کے روز امریکہ پر الزام لگایا کہ وہ جوہری ہتھیاروں کا مخالف ہے لیکن خود اپنے ذخیرے کو کم کرنے کے لیے اقدامات نہیں کر رہا۔

اُنھوں نے مزید کہا کہ جوہری ہتھیار تیار کرنا ایران کے شرعی قانون کے تحت ممنوع ہے۔

ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے ہفتے کو دو روزہ سربراہی اجلاس کا افتتاح کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اقوامِ متحدہ کی نظر داری کی ایجنسی یعنی جوہری توانائی کے بین الاقوامی ادارے کی امریکی رکنیت منسوخ کی جائے۔ اُنھوں نے کہا کہ صرف ایسے ممالک کو جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے کے جائزے کا اختیار ہونا چاہیئے جو خود نیوکلیئر ہتھیار نہیں رکھتے۔

ایرانی حکومت کا کہنا ہے کہ کانفرنس میں 60ملکوں کے عہدے دار شرکت کر رہے ہیں۔

شام، لبنان اور عراق کے سفارت کاروں نے ہفتے کے روز ایران کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پُر امن مقاصد کے لیے جوہری پروگرام اُس کا حق ہے۔

عالمی طاقتیں سمجھتی ہیں کہ ایران خفیہ طور پر جوہری ہتھیار بنا رہا ہے، جِس الزام سے ایران انکار کرتا ہے۔

امریکہ کوشاں ہےکہ اقوإم متحدہ، ایران کے متنازع جوہری پروگرام کے پیشِ نظر اُس کے خلاف تعریزات کا چوتھا دور عائد کرے۔

XS
SM
MD
LG