رسائی کے لنکس

نیتن یاہو کی جیت کا ایران سے مذاکرات پر اثر نہیں پڑے گا: امریکہ


’ایران کے ساتھ کسی ممکنہ سمجھوتے کے سلسلے میں مسٹر نیتن یاہو کے خیالات سے امریکہ کافی عرصے سے باخبر ہے‘: محکمہ خارجہ

امریکی محکمہٴخارجہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم بینجامن نیتن یاہو کے دوبارہ انتخاب کا ایران کے ساتھ جاری جوہری مذاکرات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

خاتون ترجمان، جین ساکی نے بدھ کے روز کہا کہ ایران کے ساتھ کسی ممکنہ سمجھوتے کے بارے میں مسٹر نیتن یاہو کے خیالات سے امریکہ کافی عرصے سے باخبر ہے۔


اُنھوں نے ایک بار پھر کہا کہ ایران کے ساتھ ملاقاتیں ’مشکل، لیکن تعمیری رہی ہیں‘۔

تاہم، اُن کا کہنا تھا کہ معاملے کو واضح اور صاف بنانے کے لیے تیکنیکی مذاکرات ’پیشہ ورانہ اور سودمند‘ رہے ہیں۔

اسرائیلی انتخابات سے دو ہفتے قبل، وزیر اعظم نیتن یاہو نے اوباما انتظامیہ کو اُس وقت برہم کیا، جب اُنھوں نے امریکی کانگریس سے خطاب کے دوران ایران کے ساتھ ابھی نامکمل بات چیت کو ’غلط سمجھوتا‘ قرار دیا تھا۔

جوہری تنازع پر بات چیت کا موجودہ دور سوٹزرلینڈ کے شہر، لوزیان میں جاری ہے، جہاں بدھ کے روز ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے بتایا کہ جمعے کو مذاکرات میں شامل دیگر وزرائے خارجہ کے ساتھ ہونے والی ملاقات کا امکان کم ہے۔

ظریف نے ایرانی ٹیلی ویژن کو بتایا کہ معاملے کا تصفیہ کرنے کا سیاسی عزم موجود ہے، لیکن ابھی یہ پرکھنا باقی ہے آیا یہ عزم واقعی موجود ہے۔


وزرائے خارجہ تب ہی اِن مذاکرات میں شریک ہوں گے، جب یہ خیال کیا جائے کہ سمجھوتا قریب ہے۔

XS
SM
MD
LG