رسائی کے لنکس

ایران اپنے جوہری پروگرام کی وضاحت کرے: بان کی مون


ایرانی صدر احمدی نژاد

ایرانی صدر احمدی نژاد

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے کہا ہے کہ اپنے جوہری پروگرام کے بارے میں ” شُبہات اور اندیشوں “ کو دُور کر نے کی ذمّے داری ایران پر عائد ہوتی ہے۔

مسٹر بان نے کہا کہ وہ ایرانی صدر محمود احمدی نژاد کی حوصلہ افزائى کرتے ہیں کہ وہ ”تعمیری رویّہ اختیار کریں“ اور جوہری ایندھن کی فراہمی کے لیے وہ تجاویز قبول کرلیں، جو ایٹمی توانائى کی بین الاقوامی ایجنسی نے پیش کی ہیں۔

سیکریٹری جنرل نے پیر کے روز جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کی روک تھام کے سمجھوتے یا این پی ٹی کے بارے میں ایک کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے یہ بات کہی ہے۔ مہینہ بھر کی یہ کانفرنس اقوامِ متحدہ میں ہو رہی ہے۔

صدر احمدی نژاد نے پیر کے روز اس سے پہلے کہا تھا کہ جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے لیے اُن کے ملک کی تجاویز” عملی اور منصفانہ“ ہوں گی۔

انہوں نے کانفرنس میں شرکت کے لیے نیو یارک پہنچنے پر یہ بات کہی ہے۔مسٹر احمدی نژاد نے کہا کہ ایران تخفیفِ اسلحہ کو عالمی سلامتی کے لیے ایک با اثر محّرک خیال کرتا ہے اور وہ اس پر عمل کرے گا۔

XS
SM
MD
LG