رسائی کے لنکس

ایران کا مسافر طیارہ گر کر تباہ: سرکاری میڈیا


اتوار کی صبح ایک چھوٹا مسافر طیارہ تہران کے مہرآباد ہوائی اڈے سے اڑان بھرتے ہی قریبی علاقے میں گر کر تباہ ہوا۔

ایران میں ایک مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا اور اطلاعات کے مطابق اس میں سوار تمام 40 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

ایران کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق اتوار کی صبح ایک چھوٹا مسافر طیارہ تہران کے مہرآباد ہوائی اڈے سے اڑان بھرتے ہی قریبی علاقے میں گر کر تباہ ہوا۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی "ارنا" کے مطابق ہلاک ہونے والے مسافروں میں سات بچے بھی شامل ہیں۔ طیارہ ایک رہائشی علاقے میں گرا لیکن تاحال اس حادثے سے زمین پر موجود لوگوں میں کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا ہے۔

سرکاری میڈیا نے تہران سے شمال مشرقی شہر طبس جانے والے اس طیارے کے حادثے کی وجہ اس کے ایک انجن میں خرابی بتائی ہے۔

ایران پر بین الاقوامی پابندیوں کی زد میں اس کا ہوا بازی کا شعبہ بھی آیا ہے جس کی وجہ سے تہران کو نئے طیاروں کی خریداری اور پرانے جہازوں کے لیے فاضل پرزہ جات حاصل کرنے میں شدید دشواری کا سامنا رہا ہے۔

حکام کے مطابق ایران کی چار فضائی کمپنیوں کے پاس موجود طیارے لگ بھگ 20 سال پرانے ہیں اور یہی جہاز ملک میں سات کروڑ 60 لاکھ مسافروں کی ضروریات پوری کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG