رسائی کے لنکس

احمدی نژاد صدارتی انتخابات کے لیے نا اہل


ایران کے سابق صدر محمود احمدی نژاد کو آئندہ ماہ ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے نا اہل قرار دے دیا گیا ہے۔

جب کہ اُمیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی چھان بین کرنے والی ’شوریٰ نگہبان‘ نے موجودہ صدر حسن روحانی کو انتخاب لڑنے کا اہل قرار دیتے ہوئے اُن کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے ہیں۔

صدارتی اُمیدواروں کی حتمی فہرست ’شوریٰ نگہبان‘ 27 اپریل کو جاری کرے گی۔

صدر حسن روحانی کا قدامت پسند رہنما ابراہیم رئیسی سے سخت مقابلہ متوقع ہے۔ ابراہیم رئیسی کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ اُنھیں ملک کے رہبر اعلٰی علی خامنہ ای کی حمایت حاصل ہے۔

ابراہیم رئیسی
ابراہیم رئیسی

واضح رہے کہ ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای نے ملک کے سابق صدر محمد احمدی نژاد کو انتخابات میں حصہ نا لینے کی تجویز دی تھی لیکن اس کے باوجود احمدی نژاد نے گزشتہ ہفتے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروا کے بہت سے حلقوں کو حیران کر دیا تھا۔

احمدی نژاد اس سے قبل چار چار سال کی مدت کے لیے 2005 سے 2013 تک دو مرتبہ ایران کے صدر رہ چکے ہیں۔

چار سال منصب صدارت سے الگ رہنے کے بعد کوئی بھی اُمیدوار ملک کے قانون کے مطابق ایک بار پھر صدر کے عہدے کے لیے انتخابات میں حصہ لے سکتا ہے، تاہم فوری طور پر یہ بات سامنے نہیں آئی کہ احمدی نژاد کو کیوں انتخابات میں حصہ لینے کے لیے نا اہل قرار دیا گیا۔

XS
SM
MD
LG