رسائی کے لنکس

ایران: احمدی نژاد بھی صدارتی انتخابات میں حصہ لیں گے


ایران کے سابق صدر محمد احمدی نژاد نے مئی میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ملک کے رہبر اعلیٰ نے اُنھیں انتخابات میں شریک نا ہونے کی تجویز دی تھی، لیکن اس کے باوجود غیر متوقع طور پر بدھ کو احمدی نژاد نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے۔

اگرچہ ملک کے موجودہ صدر حسن روحانی نے آئندہ انتخابات کے لیے تاحال کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے ہیں لیکن اُن کے قریبی ساتھیوں کا کہنا ہے کہ صدر حسن روحانی انتخابات میں حصہ لیں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل چار چار سال کی مدت کے لیے 2005 سے 2013 تک دو مرتبہ ایران کے صدر رہ چکے ہیں۔

چار سال منصب صدارت سے الگ رہنے کے بعد وہ ملک کے قانون کے مطابق ایک بار پھر صدر کے عہدے کے لیے انتخابات میں حصہ لے سکتے ہیں۔

ایران کے میڈیا کے مطابق اب تک لگ بھگ 100 اُمیدواروں نے صدارتی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔

ایران میں 12ويں صدارتی انتخابات ميں حصہ لینے کے خواہمشند اُمیدواروں نے منگل سے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا عمل شروع کیا تھا جو کہ15 اپريل تک جاری رہے گا، صدارتی انتخابات 19 مئی کو ہوں گے۔

اب تک جن اُمیدواروں نے انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اُن میں ملک کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کے قریبی ساتھی ابراہیم رئیسی بھی شامل ہیں۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG