رسائی کے لنکس

نیتن یاہو کا بیان 'بے بنیاد' ہے: ایران


اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو

اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تمام مسلمان عسکریت پسند بشمول دولت اسلامیہ، حماس، القاعدہ اور بوکو حرام ایک جیسے ہی بنیاد پرست خیالات رکھتے ہیں اور ایران ان کی طاقت کا گڑھ ہوسکتا ہے۔

ایران نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے اسلامی دنیا کو دولت اسلامیہ کے گروپ کے ساتھ "بے بنیاد" طور پر منسوب کیا۔

ایران کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو تہران کے جوہری پروگرام سے متعلق عالمی طاقتوں سے ہونے والے مذاکرات کو "سبوتاژ کرنے اور خلل ڈالنے" کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

اسرائیلی رہنما نے اقوام متحدہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تھا کہ ایران خود پر عائد پابندیوں کے خاتمے کے معاہدے پر اتفاق کرتے ہوئے دنیا کو فریب دینے کی کوشش کر رہا ہے جب کہ ان کے بقول وہ بدستور جوہری ہتھیار بھی بنا رہا ہے۔

ایران کا موقف رہا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے۔

نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ ایران دنیا میں اسلامی انقلاب لانے کے مشن پر ہے اور جوہری ہتھیاروں سے لیس ایران دولت اسلامیہ کے گروپ سے کہیں زیادہ خطرناک ہو گا۔

انھوں نے مزید کہا کہ تمام مسلمان عسکریت پسند بشمول دولت اسلامیہ، حماس، القاعدہ اور بوکو حرام ایک جیسے ہی بنیاد پرست خیالات رکھتے ہیں اور ایران ان کی طاقت کا گڑھ ہو سکتا ہے۔

ایران نے اپنے جواب میں نیتن یاہو پر الزام عائد کیا کہ وہ "ایران فوبیا اور اسلام فوبیا" پھیلا رہے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان جین ساکی کا کہنا تھا کہ امریکہ تمام مسلمانوں سے متعلق نیتن یاہو کی توجیہ سے اتفاق نہیں کرتا۔

ساکی نے کہا کہ حالانکہ حماس اور دولت اسلامیہ دونوں ہی دہشت گرد گروپ ہیں اور ان دونوں سے مختلف نوعیت کے خطرات لاحق ہیں، اور کوئی بھی یہ مشورہ نہیں دے رہا کہ امریکہ حماس کے خلاف طاقت کا استعمال کرے۔

شام کے وزیرخارجہ ولید معلم نے بھی پیر کو جنرل اسمبلی کو بتایا کہ ان کی حکومت دولت اسلامیہ کے خلاف بین الاقوامی کوششوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

معلم نے امریکہ پر الزام عائد کیا کہ وہ شام میں حکومت مخالف بعض گروپوں کے ساتھ لڑائی اور بعض کی حمایت کر کے "دوغلی پالیسی" اپنائے ہوئے ہے۔ ان کے بقول امریکہ کی طرف سے "متعدل گروپ" کہلائے جانے والوں کو حمایت سے خطے میں انتہا پسندی کو "مزید بڑھاوا" ملے گا۔

XS
SM
MD
LG