رسائی کے لنکس

ایران: اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی تقریبات کا آغاز


پاسدارانِ انقلاب اور بسیجی ملیشیا کے لوگوں نے دارالحکومت کی سڑکوں پر موٹرسائیکلیں دوڑاتے اور پرچم لہراتے ہوئے تقریبات کا آغاز کیا

ایران نے اسلامی انقلاب کی31 ویں سالگرہ کی 11 روزہ تقریبات کے آغاز کردیا ہے۔

یہ تقریبات پیر کے روز اُس دن سے شروع ہوئى ہیں، جس دن انقلاب کے مرحوم لیڈر آیت اللہ روح اللہ خمینی فرانس میں ایک طویل جلا وطنی کے دن گزار کر واپس ایران پہنچے تھے۔ ایرانیوں نے پیر کی صبح ٹھیک نو بجکر 33 منٹ پر ، یعنی عین اُس وقت جب 1979 میں یکم فروری کو آیت اللہ کا طیارہ تہران کے ہوائى اڈے پر اُترا تھا، گھنٹیاں بجا کراور بحری جہازوں اور ٹرینوں کے ہارن بجا کر اُس دن کی یاد تازہ کی۔

اس موقع پر ایرانی صدر محمود احمدی نژاد اور دوسرے سینئر عہدے داروں نے تہران میں آیت اللہ خمینی کے مزار پر حاضرہوکر اُنہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اعلیٰ تربیت یافتہ پاسدارانِ انقلاب اور بسیجی ملیشیا کے لوگوں نے دارالحکومت کی سڑکوں پر موٹرسائیکلیں دوڑاتے اور پرچم لہراتے ہوئے تقریبات کا آغاز کیا۔

یہ تقریبات11 فروری کو اُس انقلاب کی سالگرہ کے دن پر ختم ہوں گی جس نے ایران میں بادشاہت کے نظام اور تقریباً چار عشروں سے تخت نشین، شاہ کی حکومت کو ختم کیا تھا۔ 11 فروری کو لاکھوں ایرانی سڑکوں پر نکل کر انقلاب کی سالگرہ مناتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG