رسائی کے لنکس

ایرانی سائنسدان کی امریکہ سے وطن روانگی


ایرانی سائنسدان شھرام امیری (فائل فوٹو)
ایرانی سائنسدان شھرام امیری (فائل فوٹو)

ایران کی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ واشنگٹن میں پاکستان کے سفارت خانےکے’’موثر تعاون‘‘کے نتیجے میںاس کے جوہری سائنسدان شھرام امیری امریکہ سے وطن واپس روانہ ہو گئے ہیں۔

تقریباً ایک سال تک لاپتہ رہنے کے بعد شھرام امیری کی پاکستانی سفارت خانے کے ایرانی انٹریسٹ سیکشن سے رابطے کی خبر منگل کے روز منظر عام پر آئی تھی۔

اسلام آباد میں پاکستان کی وزات خارجہ کے ترجمان عبدالباسط نےاِن اطلاعات کی تصدیق کرتے ہوئےبتایا تھا کہ ایرانی سائنسدان نےجلد از جلد ایران واپس جانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

تہران میں وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے بدھ کو ایک مقامی خبررساں ادارے کو بتایا کہ’’ امیری کی واپسی ایرانی حکومت کی کوششوں اور پاکستانی سفارت خانے کے موثر تعاون کا نتیجہ ہے‘‘۔

منگل کے روزامریکی وزیرِ خارجہ ہلری کلنٹن نےایک بیان میں کہا تھا کہ ایران کے جوہری سائنسدان اپنی مرضی سے امریکہ میں موجود تھے اور وہ وطن واپس جانے کے لیے اُن پر کوئی پابندی نہیں۔

شھرام امیری کی جون 2009ء میں سعودی عرب سے گمشدگی کے بعد ایران نے الزام لگایا تھا کہ ان کو امریکی خفیہ ادارے سنٹرل انٹیلی جنس ایجنسی نے اغوا کیا ہے البتہ واشنگٹن اس کی تردید کرتا رہا ہے۔

شھرام امیری کے کئی متنازع ویڈیو پیغامات منظر عام پر آ چکے ہیں جن میں سے ایک میں کہا گیا تھا کہ وہ امریکی ریاست ورجینیا میں انٹیلی جنس حکام کی قید سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں جب کہ ایک الگ ویڈیو میں خود کو امیری ظاہر کرنے والے شخص کا کہنا تھا کہ وہ امریکہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG