رسائی کے لنکس

ایران میں جاسوسی کے الزام میں دو افراد کو سزا


گزشتہ سال متعدد افراد کو بوشہر سے گرفتار کیا گیا تھا
گزشتہ سال متعدد افراد کو بوشہر سے گرفتار کیا گیا تھا

تاحال یہ بھی واضح نہیں کہ جن افراد کو سزا سنائی گئی ان میں سے ایک کہیں ایرانی نژاد امریکی شہری جیسن رضائیاں تو نہیں جو واشگنٹن پوسٹ کے نامہ نگار ہیں

ایران کی ایک عدالت نے دو افراد کو جاسوسی کے الزام میں دس سال قید کی سزا سنائی ہے لیکن ان مشتبہ افراد کی شہریت کے بارے میں نہیں بتایا گیا ہے۔

عدالت کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ ان دونوں افراد نے امریکہ اور اسرائیل کے لیے جاسوسی کی۔

ایران نے گزشتہ اکتوبر میں اپنے جنوبی صوبے بوشہر سے متعدد لوگوں کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا تھا لیکن یہ واضح نہیں کہ آیا جن دو افراد کو سزا سنائی گئی ہے وہ بھی گزشتہ سال گرفتار کیے جانے والوں میں سے ہیں یا نہیں۔

بوشہر میں ایران نے اپنا جوہری توانائی کا منصوبہ شروع کیا تھا۔

تاحال یہ بھی واضح نہیں کہ جن افراد کو سزا سنائی گئی ان میں سے کہیں ایک ایرانی نژاد امریکی شہری جیسن رضائیاں تو نہیں جو واشگنٹن پوسٹ کے نامہ نگار ہیں اور انھیں گزشتہ سال گرفتار کر کے ان پر جاسوسی کے الزامات میں مقدمہ چلایا گیا جس پر کارروائی رواں ماہ ہی ختم ہوئی تھی۔

لیکن واشنگٹن پوسٹ کے بین الاقوامی امور کے ایڈیٹر ڈگلس جیہل نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ان کے اخبار کا ماننا ہے کہ رضائیاں ان لوگوں میں نہیں جنہیں سزا سنائی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالتی ترجمان کے بقول ان کے پاس رضائیاں کے بارے میں کوئی نئی معلومات نہیں ہے۔

اس امریکی صحافی پر مقدمہ بند کمرے کی عدالت میں چلایا گیا اور اس پر عائد الزامات کی تفصیل بھی مبہم ہے۔

واشگنٹن نے رضائیاں پر عائد کیے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مقدمے کو شرمناک قرار دیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ رضائیاں سمیت ایران میں گرفتار اپنے تمام شہریوں کی رہائی کا مطالبہ کر چکا ہے۔

XS
SM
MD
LG