رسائی کے لنکس

امریکہ میں قید ایرانی شہریوں کی رہائی کا مطالبہ


ایرانی وزارتِ خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم (فائل)
ایرانی وزارتِ خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم (فائل)

ایرانی وزارتِ خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم نے کہا کہ ایران پہلے بھی امریکہ سے اپنے شہریوں کی رہائی کا مطالبہ کرتا رہا ہے اور ایک بار پھر اس مطالبے کو دہرا رہا ہے۔

ایران کی حکومت نے امریکہ سے ایک بار پھر اپنے ان 19 شہریوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے جو مختلف الزامات کے تحت امریکہ کی جیلوں میں قید ہیں۔

بدھ کو تہران میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی وزارتِ خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم نے کہا کہ ایران پہلے بھی امریکہ سے اپنے شہریوں کی رہائی کا مطالبہ کرتا رہا ہے اور ایک بار پھر اس مطالبے کو دہرا رہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ وہ امریکی حکومت اور وہاں کے عدالتی حکام سے ایرانی شہریوں کی رہائی کا مطالبہ کر رہی ہیں جن کے حالات، ان کے بقول، انسانی حقوق کی کسی بین الاقوامی تنظیم حتی کہ اقوامِ متحدہ نے بھی جاننے کی کبھی کوشش نہیں کی۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کی ترجمان کے اس بیان سے ایک روز قبل ایرانی حکومت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے امریکہ میں گرفتار تمام 19 ایرانی شہریوں کو "بے گناہ" قرار دیتے ہوئے ان کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔

منگل کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایران کے نائب وزیرِ خارجہ حسین گشغاوی نے اس تاثر کی تردید کی تھی کہ ایران امریکی صحافی جیسن رضائیاں کےبدلے امریکہ میں قید اپنے 19 شہریوں کی رہائی چاہتا ہے۔

گشغاوی نے کہا تھا کہ امریکہ کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کیوں کہ دونوں ملکوں کی تحویل میں موجود ایک دوسرے کے شہریوں کے مقدمات بالکل مختلف نوعیت کے ہیں۔

امریکہ میں قید ایرانی شہریوں میں سے بیشتر ایران پر عائد بین الاقوامی پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے اور ایران کے لیے ممنوعہ اشیا کی خریداری کے الزامات میں قانونی کارروائی کا سامنا کر رہے ہیں۔

اس کے برعکس ایران اور امریکہ کی دہری شہریت رکھنے والے جیسن رضائیان امریکی اخبار 'واشنگٹن پوسٹ' کے نمائندے تھے جنہیں ایرانی حکام نے 22 جولائی 2014ء کو تہران میں ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لے لیا تھا۔

رضائیان کے خلاف جاسوسی، ملک سے غداری اور دشمن ملک کے لیے کام کرنے جیسے الزامات کے تحت بند کمرے میں مقدمہ چلایا جارہا ہے جس کا فیصلہ عن قریب متوقع ہے۔

امریکہ جیسن رضائیان اور ایران میں قید دو دیگر امریکی شہریوں کی رہائی کا مطالبہ کرتا رہا ہے اور امریکی حکومت کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ طے پانے کے بعد ان قیدیوں کی رہائی کے لیے کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG