رسائی کے لنکس

ایرانی صدربدھ کو افغانستان جائیں گے


ایرانی صدر
ایرانی صدر

محمود احمدی نژاد اپنے افغان ہم منصب کےساتھ مذاکرات کریں گے

افغان اور ایرانی عہدے داروں نے کہا ہے کہ ایران کے صدر محمود احمدی نژاد اپنے افغان ہم منصب کے ساتھ مذاکرات کے لیے بدھ کے روز افغانستان جائیں گے۔

ذرائع ابلاغ کی اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ پہلے سے طے شدہ پروگرام کے تحت انہیں یہ دورہ پیر کے روز کرنا تھا۔ لیکن کسی اعلان کے بغیر امریکی وزیرِ دفاع رابرٹ گیٹس کے افغانستان پہنچ جانے کے بعد اسے ملتوی کردیا گیا۔

توقع ہے کہ مسٹر احمدی نژاد اور صدر کرزئى افغانستان میں تعمیرِ نو کی کوششوں کے ساتھ ساتھ متعدد دوطرفہ اور علاقائى مسائل پر غور کریں گے۔

یہ گذشتہ جون میں دوسری معیادِ صدارت کے لیے منتخب ہونے کے بعد سے مسٹر احمدی نژاد کا افغانستان کا پہلا دورہ ہے۔

ایرانی عہدے دار بار بار افغانستان سے امریکہ کے زیرِ قیادت فوجوں کی واپسی کا مطالبہ کرچکے ہیں۔ وہ افغانستان میں طالبان سے متعلق تشدّد کے واقعات میں اضافے کا الزام انہی فوجوں پر عائد کرتے ہیں۔

گیٹس نے پیر کے اپنے افغان دورے میں تہران پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ایک طرف تو افغانستان کی جانب دوستی کا ہاتھ بڑھارہا ہے تو دوسری جانب امریکہ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہا ہے۔

انہوں نے ایران کی جانب سے طالبان کو مدد کی پیش کش کے بارے میں بھی خبردار کیاہے۔

XS
SM
MD
LG