رسائی کے لنکس

عراق: عسکریت پسندوں کا پولیس ہیڈکوارٹرز پر حملہ، تین اہل کار ہلاک


عراق: عسکریت پسندوں کا پولیس ہیڈکوارٹرز پر حملہ، تین اہل کار ہلاک
عراق: عسکریت پسندوں کا پولیس ہیڈکوارٹرز پر حملہ، تین اہل کار ہلاک

عراقی حکام نے کہاہے کہ مغربی شہر رمادی میں سیکیورٹی فورسز کی ایک عمارت پر عسکریت پسندوں کے حملے میں کم ازکم تین پولیس اہل کار ہلاک اور 14 افراد زخمی ہوگئے۔

عراقی عہدے داروں نے کہاہے کہ اتوار کے روز پولیس کی ایک عمارت کے بیرونی دورازے پر کم ازکم ایک خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑالیا۔

پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے فائر کھول دیا اور سہ پہر تک گولیوں کا تبادلہ جاری رہا۔

عسکریت پسندوں کے حملے کا ہدف بننے والی عمارت رمادی پولیس اور انسداد دہشت گردی اسکوائرڈ کا ہیڈکوارٹر ہے۔ عراق کے صوبے عنبر کے دارالحکومت میں بہت سی سرکاری عمارتیں واقع ہیں جو حالیہ برسوں میں وقتاً فوقتاً عسکریت پسندوں کے حملوں کا نشانہ بنتی رہی ہیں۔

رمادی 2003ء میں عراق پر امریکی قیادت کے فوجی حملے کے بعد کئی برسوں تک القاعدہ سے منسلک سنی عسکریت پسندوں کا ایک مضبوط گڑھ رہاہے۔ لیکن بعدازں مقامی سنی عسکریت پسند القاعدہ کے خلاف ہوگئے جن کی حمایت سے امریکی فورسز کو عنبر میں تشدد پر قابو پانے میں مددملی۔

ایک روز قبل شیعہ آبادی کے ایک شہر بصرہ کے قریب کھانے پینے کی چیزیں بانٹنے والے ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیاتھا جس سے کم ازکم 53 افراد ہلاک اور 137 زخمی ہوگئے تھے۔

مقامی حکام کا کہناہے کہ اس دھماکے کا ہدف چہلم کے مذہبی تہوار میں حصہ لینے والے زائرین تھے۔

نائب وزیر صحت جبار السعیدی نے اتوار کے روز بتایا کہ زخمیوں کو دن رات طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG