رسائی کے لنکس

بغداد میں تلاش کی کارروئیاں ، 25 افراد گرفتار


بغداد میں تلاش کی کارروئیاں ، 25 افراد گرفتار
بغداد میں تلاش کی کارروئیاں ، 25 افراد گرفتار


عراقی سکیورٹی فورسز نے کہا ہے کہ انہوں نے دارالحکومت میں دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی کرنے والے 25 افراد کو گرفتار کر لیا ہے اور دھماکہ خیز مواد کے ذخیرے اپنے قبضے میں لیے ہیں ۔

بغداد کے ایک فوجی ترجمان ، میجر جنرل قاسم الموسوی نے کہا کہ عراقی فورسز نے منگل کے روز پورے بغداد میں تلاشی کی کارروائیوں کے دوران 400 کلوگرام کا طاقتور دھماکہ خیز مواد ( سی فور اور ٹی این ٹی ) اور دھماکہ کرنے والے 60 آلات اپنے قبضے میں لیے ہیں ۔

عراقی حکومت کے ترجمان علی الدباغ نے کہاہے کہ فورسز نے یہ کارروائی ایک شہری کی جانب سے یہ خفیہ اطلاع وصول ہونے کے بعد کی تھی کہ شہر میں کوئی کار بم دھماکہ ہو سکتا ہے ۔

عہدے داروں نے سکیورٹی کے سخت ضابطے نافذ کر دیے ہیں اور ٹریفک پر سخت پابندیاں عائد کر دی ہیں جس کی وجہ سے منگل کی صبح پورے بغداد میں ٹریفک جام ہو گئی۔

سکیورٹی کی یہ کارروائی ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب عراق مارچ کے مہینے میں ملک گیر پارلیمانی انتخابات کے انعقاد کی تیاری کر رہاہے ۔ عہدے دار خبر دار کر چکے ہیں کہ جوں جوں انتخابات قریب آئیں گے ووٹنگ میں خلل ڈالنے کی کوشش کرنے والے شورش پسند حملوں کی کوشش کر سکتے ہیں ۔

XS
SM
MD
LG