رسائی کے لنکس

کربلا میں ایک اور بم دھماکا: 20 افراد ہلاک


شیعہ زائرین بغداد سے کربلا کی طرف جا رہے ہیں، جہاں حضرت امام حسین کا چہلم منایا جائے گا
شیعہ زائرین بغداد سے کربلا کی طرف جا رہے ہیں، جہاں حضرت امام حسین کا چہلم منایا جائے گا

عراق کے شہر کربلا میں ایک موٹر سائیکل پر نصب بم پھٹنے سے کم از کم 20 افراد کے ہلاک اور تقریباً 100 کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا اس وقت ہوا جب شیعہ زائرین امام حسین کے چہلم کے اہم شیعہ تہوار میں شرکت کے لیے جمع ہورہے تھے۔

خیال رہے کہ رواں ہفتے دارالحکومت بغداد میں شیعوں کے ایک اور مذہبی تہوار کے موقع پر ایک خاتون نے خودکش حملہ کرکے 40 سے زائد افراد کو ہلاک کردیا تھا جب کہ منگل کے روز کربلا میں فوج کی ایک گاڑی پر نصب بم پھٹنے سے تین افراد ہلاک اور 21زخمی ہوگئے تھے۔

فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات میں شیعہ آبادی کے اجتماعات سنی عسکریت پسندوں بشمول القاعدہ کے لیے مسلسل ہدف سمجھے جاتے رہے ہیں۔

عراق میں حال ہی میں تشدد کے واقعات میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے اور یہ اضافہ ایک ایسے وقت پر ہوا ہے جب اگلے ماہ ملک میں پارلیمانی انتخابات ہونے والے ہیں۔

امریکی اور عراقی حکام کی طرف سے انتخابات سے پہلے تشدد میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے کیونکہ یہ عمل ملک کی سنی اقلیت اور شیعہ اکثریت کے درمیان مفاہمت کے حوالے سے نہایت اہم قرار دیا جارہا ہے۔

XS
SM
MD
LG