رسائی کے لنکس

عراق: خلافِ انسانیت جرائم پر کیمیکل علی کو پھانسی دے دی گئى



عراق کی حکومت نے کہا ہے کہ اُس نے خلافِ انسانیت جرائم کے الزام میں صدام حسین کےاُس بدنام عم زاد اور حاشیہ بردار کو پھانسی دے دی ہے، جسے لوگ کیمیکل علی کے نام سے جانتے تھے۔

عراقی حکومت کے ترجمان علی الدّباغ نے کہا ہے کہ حسن الماجد کو پیر کے روز پھانسی پر لٹکادیا گیا ۔اُسے عراقی عدالتوں نے چار مرتبہ بذریعہ پھانسی موت کی سزائیں سنائى تھیں۔اور تازہ ترین سزا اسی مہینے کے شروع میں سنائى گئى تھی۔

عدالت نےالماجد کو 1988 میں ملک کے ایک شمال مشرقی گاؤں میں عراقی کُردوں پر زہریلی گیس کے ایک حملے کا حکم دینے کا مرتکب قرار دیا تھا۔

اُس حملے میں اندازاً پانچ ہزار کُرد لوگ ہلاک ہوئے تھے ۔ اور وہ عام شہریوں پر کیا جانے والا ایک سب سے خوں ریز حملہ تھا۔اُسی حملے کی وجہ سے لوگوں نے الماجد کو کیمیکل علی کہنا شروع کردیا تھا۔

اس سے پہلے الماجد کو 1980 کے عشرے میں انفال مہم کے نام سے کُردوں کو کچلنے کی اُس وسیع مہم میں اُس کے عمل دخل کی بنا پر موت کی سزا سنائى گئى تھی، جس میں ہزاروں لوگ ہلاک ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ اُسے1991 اور 1999 میں شیعہ لوگوں کی بغاوتوں کو کچلنے میں اُس کے اقدامات پر دو اور موت کی سزائیں سنائى جاچکی تھیں۔

XS
SM
MD
LG