رسائی کے لنکس

عراق: بم دھماکوں میں 13 افراد ہلاک


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

عراق میں حکام نے کہا ہے کہ ملک کے مغربی اور جنوبی حصوں میں بدھ کو ہونے والے بم دھماکوں میں کم از کم 13 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے۔

پولیس نے بتایا کہ دارالحکومت بغداد سے تقریباً 90 کلو میٹر جنوب میں واقع شہر حِلہ میں ایک ریستوران کے باہر کار بم دھماکے میں کم از کم 11 افراد ہلاک اور لگ بھگ 25 زخمی ہوئے۔

دریں اثنا صوبہ عنبار میں عہدے داروں کا کہنا ہے کہ حبانیہ نامی علاقے میں ایک فوجی اڈے پر گاڑی میں نصب بم پھٹنے سے کم از کم دو افراد ہلاک اور نو زخمی ہو گئے۔

یہ حملے ایک ایسے وقت ہوئے ہیں جب امریکہ رواں سال کے اواخر تک عراق سے اپنی فوجوں کے انخلا کے منصوبے پر عمل پیرا ہے۔

گو کہ عراق میں 2006ء اور 2007ء کی نسبت تشدد کے واقعات میں کمی آئی ہے لیکن عراقی اور امریکی حکام غیر ملکی فوجوں کے انخلا کے بعد مقامی سکیورٹی فورسز کی امن و امان برقرار رکھنے کی صلاحیت پر تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG