رسائی کے لنکس

عراقی وزیرِ اعظم نے ہائی سکیورٹی الرٹ جاری کر دیا


ایسے میں جب اگلے چند دِنوں کے اندر امریکہ جنگی مشن کے خاتمے کا باضابطہ اعلان کرنے والا ہے، عراقی وزیرِ اعظم نوری المالکی نےممکنہ دہشت گرد حملوں کے بارے میں ہائی سکیورٹی الرٹ جاری کیا ہے۔

مسٹر مالکی نے یہ بیان جمعے کو جاری کیا جِس میں سکیورٹی فورسزاور شہری آبادی پر زور دیا گیا ہے کہ بلند درجے کی سطح کی احتیاطی تدابیر پرعمل پیرا ہوں۔

اُنھوں نے کہا کہ القاعدہ فورسز اور سابق لیڈر صدام حسین کی غیر قانونی قرار دی جانے والی بعث پارٹی کے مجرمانہ اتحاد نے ملک کے طول و ارض میں حملوں کا سلسلہ شروع کرنے کی سازش تیار کی ہے۔

عراقی وزیرِ اعظم نے کہا کہ مبینہ سازشی عناصر کو غیر ملکی امداد حاصل ہے۔

دریں اثنا، القاعدہ کے ایک گروپ نے حملوں کے حالیہ سلسلے کی ذمہ داری قبول کی ہے جس میں کم از کم 55افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

ایک شدت پسند ویب سائٹ پر چھپنے والے بیان میں عراق کی اسلامی مملکت نے کہا ہے کہ اُسی نے رمضان کے مقدس مہینے میں حملوں کی پشت پناہی کی جس میں عراقی سکیورٹی فورسز کے ہیڈکوارٹرز اور چوکیوں کو ہدف بنایا گیا۔

مزید حملوں کے بارے میں وزیر اعظم مالکی کاانتباہ منگل کو امریکی جنگی مشن کے باضابطہ اختتام سےقبل سامنے آیا ہے۔

XS
SM
MD
LG