رسائی کے لنکس

ایران نےعراق میں سیاسی تنازعے کامنصوبہ بنایا تھا: امریکی جنرل


ایران نےعراق میں اگلے ماہ ہونے والےپارلیمانی انتخابات کےلیےتقریباً 150 سنّی اُمیدواروں کو نا اہل قرار دینے کا منصوبہ بنانے میں مدد کی تھی: چوٹی کے امریکی کمانڈر کا الزام

عراق میں امریکہ کے چوٹی کے کمانڈر نے ایران پر الزام عائد کیا ہے کہ اُس نے عراق میں اگلے مہینے ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے لیے تقریباً 150 سنّی اُمیدواروں کو نا اہل قرار دینے کا منصوبہ بنانے میں مدد کی تھی۔

جنرل رے اوڈیرنو نے منگل کے روز کہا ہے کہ امریکہ کے پاس اس بات کی” براہ راست شہادت“ موجود ہے کہ عراقی عہدے دار احمد شلبی اور علی الّامی کو ایران نے مائل کیا تھا کہ وہ سات مارچ کے الیکشن کے نتائج کو پہلے ہی اپنے حق میں ڈھال لیں۔

جنرل نے کہا ہے کہ شلبی اور لامی نے ایران کی سخت پالیسیوں کی حامی کٹّر شیعہ انتظامیہ کے ارکان کے ساتھ اجلاسوں میں شرکت کی تھی اور شلبی نے ایران کی اعلیٰ تربیت یافتہ قدس فورس اور مبینہ طور پر اُس کے عراق کے کمانڈر مہدی مہندس کے ساتھ براہ راست مل کرکام کیا تھا۔

شلبی اور لامی ، دونوں عراقی حکومت کے اُس کمیشن کے لیڈر ہیں جس نے ایسے سینکڑوں سنّی سیاست دانوں کو الیکشن میں حصّہ لینے سے روک دیا ہے، جن پرسابق ڈکٹیٹر صدام حسین کی خلافِ قانون بعث پارٹی کے ساتھ رابطہ رکھنے کا شبہ ہے۔ایک اپیل کورٹ نے ایسے اُمید واروں کی تعداد کم کرکے اب 145 کردی ہے۔

XS
SM
MD
LG