رسائی کے لنکس

عراقی جیل سے قیدی فرار ہوگئے


شمالی عراق کے شہر موصل میں ایک جیل سے 23 قیدی فرار ہوگئے۔

سکیورٹی سے متعلق عہدے داروں نے کہا ہے کہ اُن قیدیوں کو دہشت گردی کے الزام میں سزا سنائى جا چکی تھی یا اُن پر جنگجو ہونے کا الزام تھا۔ وہ جیل کی ایک کوٹھڑی کی دیوار میں سوراخ کرنے کے بعد جمعے کے روز جیل سے فرار ہوگئے۔

پولیس کے کچھ عہدے داروں نے خبر رساں ایجنسی رائٹر کو بتایا ہے کہ فرار ہونے والے بعض قیدی القاعدہ کے جنگجو اور دوسرے اہم قیدی تھے۔

جمعرات کو دیر گئے امریکی فوج نے کہا تھا کہ امریکی اور عراقی فوجیوں نے القاعدہ کے ایسے چھ مشتبہ لیڈروں کو گرفتار کرلیا ہے جن پر لوگوں سے رقوم اینٹھنے اور قتل کی وارداتوں کے لیے موصل میں ایک ٹولے کو منظم کرنے کا الزام ہے۔

فوج نے کہا ہے کہ یہ مشترکہ کارروائى 18 سے 24 مارچ تک کی گئى تھی اور یہ کہ وہ ٹولا عراق میں القاعدہ کو فنڈ فراہم کرنے کے لیے رقوم اینٹھنے کے مقصد سے تیل کمپنیوں اور چھوٹے کاروباری اداروں کو نشانہ بناتا تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ان گرفتاریوں کے نتیجے میں عراق میں القاعدہ کے کام کرنے اور خود کو دوبارہ منظم کرنے کی صلاحیت بُری طرح متاثر ہوگی۔

XS
SM
MD
LG