رسائی کے لنکس

مغربی اور مشرقی عراق میں بموں کے حملے، آٹھ افراد ہلاک



عراقی عہدے داروں نے کہا ہے کہ مغربی اور مشرقی عراق میں بموں کے کئى دھماکوں میں کم سے کم آٹھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
سب سے خوں ریز حملے مغربی صوبے انبار کے شہر ہِیت میں کیےگئے، جہاں باغیوں نے جمعرات کے روزعراقی پولیس کے چار ارکان کے گھروں کو بموں سے اُڑا دیا۔ ان حملوں میں پولیس افسروں کے اہلِ خاندان سمیت سات افراد ہلاک ہوئے۔

جن گھروں کو ہدف بنایا گیا، اُن میں سے ایک شہر کے انسدادِ دہشت گردی کے مخصوص دستےکے کمانڈر ولید الہیتی کا تھا۔ خبر رساں ایجنسی رائیٹر نے پولیس کے حوالے سے کہا ہے کہ اُنہیں شدید زخم آئے ہیں۔

جمعرات ہی کے دن صوبے دیالہ کے مشرقی شہر خناقِین میں ایک بم کے دھماکے میں ایک اور شخص ہلاک ہوگیا۔

2003 میں امریکہ کے زیرِ قیادت عراق پر فوج کشی کے بعد القاعدہ کے جنگجوؤں نے صوبہ انبار کو اپنے ایک اڈے کے طور پر استعمال کرنا شروع کردیا تھا۔ 2006 میں مقامی سُنّی قبائیل القاعدہ کے خلاف اُٹھ کھڑے ہوئے اور انہوں نے بہت سے جنگجوؤں کو علاقے سے بے دخل کرنے کے لیے امریکی اور عراقی فوجوں کی مدد کی۔ اُس وقت کے بعد سے صوبہ انبار میں تشدد کے واقعات میں بہت کمی آگئى ہے۔

XS
SM
MD
LG