رسائی کے لنکس

عراق: پولیس مرکز پر خودکش حملے میں 18 افراد ہلاک



عراقی حکام نے کہا ہے کہ وسطی بغداد میں پولیس کی ایک جرائم سے متعلق لیبارٹری پر ایک خودکش کاربم حملے میں کم ازکم 18 افراد ہلاک اور 80 زخمی ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ دھماکہ منگل کے روز ہوا جس کے نتیجے میں کرادا کے مضافات میں حکومت کے فورینزک لیبیارٹری کو بری طرح نقصان پہنچا۔

عہدے داروں کا کہنا ہے کہ اس حملے میں ہلاک یا زخمی ہونے والوں میں سے زیادہ تر کے بارے میں امکان ہے کہ وہ پولیس کے اہل کار تھے۔

یہ دھماکہ بغداد میں غیر ملکیوں میں مقبول تین ہوٹلوں پر ان حملوں کے ایک روز بعد ہوا ہے جن میں 36 افراد ہلاک اور71 زخمی ہوئے تھے۔
عہدے داروں کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے پیر کے روز بغداد کے اشتر شیریٹن ، الحمرا اور ببلون ہوٹلوں میں دھماکہ خیز مواد سے بھری تین موٹرگاڑیوں کو یکے بعد دیگرے دھماکے سے اڑایا تھا۔

عراقی عہدے دار اس خدشے کا اظہار کرچکے ہیں کہ شورش پسند گروپ 17 مارچ کو ہونے والے پارلیمنٹ کے قومی انتخابات میں رخنہ ڈالنے کے لیے بڑے پیمانے پر حملے کرسکتے ہیں۔

اگست کے مہینے سے اب تک بغداد میں بموں کے مربوط حملوں میں سینکڑوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG