رسائی کے لنکس

عراق: کرد علاقے سے تیل کی برآمد معطل


عراقی سرزمین کا شمار دنیا میں خام تیل کے چند بڑے ذخائر میں ہوتا ہے۔ عراق کی خام تیل کی روزانہ برآمد 26 لاکھ بیرل ہے جسے عراقی حکومت آئندہ برس تک 29 لاکھ بیرل تک بڑھانا چاہتی ہے۔

عراق کے نیم خومختار کرد علاقے نے مرکزی حکومت کےساتھ رقم کے تنازع پر احتجاجاً تیل کی برآمد مکمل طور پر معطل کردی ہے۔

کرد حکومت کی وزارتِ قدرتی وسائل کے ایک مشیر نے امریکی خبر رساں ادارے 'دی ایسوسی ایٹڈ پریس' کو بتایا ہے کہ انہوں نے یہ قدم بغداد حکومت کے ساتھ تیل کی قیمتوں پر جاری تنازع کے باعث اٹھایا ہے۔

عراقی کردستان کے حکام کا کہنا ہے کہ تیل کی قیمت کی مد میں مرکزی حکومت کے ذمے قابلِ ادا ڈیڑھ ارب ڈالر میں سے انہیں بہت تھوڑی رقم وصول ہوئی ہے جس کے باعث انہیں تیل کی برآمد معطل کرنا پڑ رہی ہے۔

کرد حکام کے بقول مرکزی حکومت نے ماضی میں طے پانے والے ایک معاہدے میں شمالی کرد علاقے کو اس رقم کی ادائیگی کی یقین دہانی کرائی تھی۔

عراق کے نائب وزیرِا عظم برائے امورِ توانائی کے ایک ترجمان نے رقم کی ادائیگی میں تعطل کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرد علاقے کی جانب سے مطلوبہ مقدار میں تیل فراہم نہ کرنے پر ادائیگی روکی گئی ہے۔

واضح رہے کہ عراق اور اس کے نیم خودمختار شمالی کرد علاقے کی حکومتوں کے درمیان تیل کی برآمد، غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ تیل نکالنے کے معاہدات اور زمینوں کی ملکیت سے متعلق معاملات پر اختلافات خاصے پرانے ہیں جس کے باعث کرد علاقے کی جانب سے ماضی میں بھی عراق کو خام تیل کی ترسیل معطل کی جاتی رہی ہے۔

عراقی سرزمین کا شمار دنیا میں خام تیل کے چند بڑے ذخائر میں ہوتا ہے۔ عراق کی خام تیل کی روزانہ برآمد 26 لاکھ بیرل ہے جسے عراقی حکومت آئندہ برس تک 29 لاکھ بیرل تک بڑھانا چاہتی ہے۔
XS
SM
MD
LG