رسائی کے لنکس

ورلڈ کپ کا بڑا اپ سیٹ: آئرلینڈ کے ہاتھوں انگلینڈ کو شکست


ورلڈ کپ کا بڑا اپ سیٹ: آئرلینڈ کے ہاتھوں انگلینڈ کو شکست
ورلڈ کپ کا بڑا اپ سیٹ: آئرلینڈ کے ہاتھوں انگلینڈ کو شکست

کرکٹ ورلڈ کپ 2011 کے بدھ کو کھیلے گئے گروپ "بی" کے میچ میں آئرلینڈ نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو تین وکٹوں سے شکست دے کر عالمی کپ کا بڑا اپ سیٹ کردیا ہے۔

بھارتی شہر بنگلور کے "چنا سوامی اسٹیڈیم" میں ہونے والے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر آئرلینڈ کے خلاف پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 327 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی پہلی وکٹ 14ویں اوور میں اینڈریو اسٹراس کی گری جو 34 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ 17ویں اوور میں کیون پیٹرسن بھی 59 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔

اوپنرز کے بعد آنے والے جوناتھن ٹراٹ اور ایان بیل نے تیسری وکٹ کی شراکت میں انگلینڈ کا اسکور 278 رنز تک پہنچایا۔ ٹراٹ 92 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ بیل نے 81 رنز بنائے۔

دونوں بلے بازوں کے آئوٹ ہونے کے بعد انگلینڈ کا کوئی کھلاڑی آئرش بالرز کے سامنے جم کر نہ کھیل سکا اور پال کولنگ ووڈ 16، میٹ پرائیر 6، ٹم بریسنن 3 اور یارڈی 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

آئرلینڈ کے جوہان مونی نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ ٹرینٹ جوناتھن نے 2، جبکہ جارج ڈوکریل اور پائول اسٹرلنگ نے ایک ، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

آئرلینڈ نے مطلوبہ ہدف 1ء49 اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

اننگز کے آغاز میں آئرلینڈ نے 328 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اس کے ابتدائی بلے باز ولیم پورٹ فیلڈ اننگز کی پہلی ہی گیند پر آئوٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ دوسری گرنے والی وکٹ پال اسٹرلنگ کی تھی جو 32 رنز بنا کر بریسنن کی بال پر کیون پیٹرسن کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔

نیل اوبرائین 29، ایڈ جوائس 32 اور گیری ولسن صرف 3 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے تو25 اوورز میں 111 کے مجموعی اسکور پر آئرلینڈ کے پانچ کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔

چھٹی وکٹ کی شراکت میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے کیون اوبرائین اور ایلکس کوسیک نے ٹیم کے اسکور میں 162 رنز کا اضافہ کیا تو میچ پر آئرلینڈ کی گرفت ایک بار پھر مضبوط ہوتی نظر آئی۔ کوسیک 42 ویں اوور میں 47 کے اسکور پر رن آئوٹ ہوئے۔

کیون اوبرائین نے 49 بالوں پر ورلڈ کپ کی تیزرفتار ترین سینچری اسکور کرنے کا ریکارڈ قائم کیا۔ انہوں نے 63 بالوں پر 6 چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے 113رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور میچ کا پانسہ پلٹ کر 49 ویں اوور کی پہلی بال پر رن آئوٹ ہوئے۔

جوہان مونی نے 33 جبکہ جوہنسٹن نے 7 رنز اسکور کیے۔ انگلش بالر سوین نے 47 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

انگلینڈکے لیے گروپ بی میں رن ریٹ کی بہتر اوسط حاصل کرنے کے لیے اس میچ کو ایک بڑے فرق سے جیتناضروری قرار دیا جارہا تھا کیونکہ ہالینڈ کے خلاف بہت کم فرق سے فتح حاصل کرنے کے بعد اس نے بھارت کے خلاف میچ برابر کیا تھا۔

آئرلینڈ عالمی ایونٹ کا اپنا پہلا میچ شریک میزبان بنگلہ دیش سے ہار گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG