رسائی کے لنکس

آئرلینڈ میں حکمران جماعت شدید بحران کا شکار


آئرلینڈ میں حکمران جماعت شدید بحران کا شکار
آئرلینڈ میں حکمران جماعت شدید بحران کا شکار

گرین پارٹی کے حزب اختلاف کے ساتھ شامل ہونے کے اعلان کے بعد اب حکمران جماعت فیانا فیل کی پارلیمنٹ میں اکثریت ختم ہو گئی ہے۔

آئرلینڈ کی گرین پارٹی نے حکومت سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد وزیر اعظم برائن کوون شایدگیارہ مارچ سے بھی پہلے انتخابات کرانے پر مجبور ہو جائیں۔

اتوار کے روز گرین پارٹی کے حزب اختلاف کے ساتھ شامل ہونے کے اعلان کے بعد اب حکمران جماعت فیانا فیل کی پارلیمنٹ میں اکثریت ختم ہو گئی ہے۔ حکومت سے الگ ہونے کا اعلان کرتے ہوئے گرین پارٹی کے رہنما جان گورملی نے کہا کہ فیانا فیل اپنی جماعت میں قیادت کا بحران حل کرنے میں ناکام نظر آ رہی ہے اور ان کی جماعت یہ مزید برداشت نہیں کر سکتی۔

برائن کوون نے حزب اختلاف کے اراکین کی جانب سے ملک میں معاشی بحران سے مناسب طور پر نمٹنے میں ناکامی کے بعد دباؤ کی وجہ سے ہفتے کو پارٹی کے سربراہ کے عہدے سے استعفی دیا تھا ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ وہ گیارہ مارچ کے انتخابات تک وزیر اعظم رہیں گے تاکہ معیشت کو سہارا دینے کے لئے پارلیمان سے بل منظور کرا سکیں۔

حزب اختلاف کی بڑی جماعتیں چاہتی ہیں کہ وزیر اعظم معیشت کی بہتری کے لئے مجوزہ قانون پر ووٹنگ جمعے کو کرائیں تاکہ انتخابات مارچ کی بجائے فروری میں کرائے جاسکیں اور ان جماعتوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر وزیراعظم نے ایسا نہیں تو انہیں عدم اعتماد کی تحریک کا سامنا کرنا پڑے گا۔

وزیراعظم برائن کوون کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے میں بل کی منظوری ناممکن ہے۔

XS
SM
MD
LG