رسائی کے لنکس

سعید الزماں صدیقی سندھ کے نئے گورنر مقرر


جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی سندھ کے 31 ویں گورنر ہوں گے جبکہ ان کی تعیناتی کے ساتھ ہی ڈاکٹر عشرت العبادخان کا طویل ترین گورنرشپ کا دور اپنے اختتام کو پہنچا ۔

پاکستان حکومت نے بدھ کو سندھ کے موجودہ گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ان کی جگہ نئے گورنر کی حیثیت سے جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی کو مقرر کردیا گیا ہے۔ ان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی بدھ کی رات جاری کردیا گیا۔

جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی سندھ کے 31 ویں گورنر ہوں گے جبکہ ان کی تعیناتی کے ساتھ ہی ڈاکٹر عشرت العبادخان کا طویل ترین گورنرشپ کا دور اپنے اختتام کو پہنچا ۔

عشرت العباد کو سابق صدر پرویز مشرف نے 27 دسمبر 2002 کو گورنر مقرر کیا تھا۔ اس طرح وہ تقریباً 14سال سے اس عہدے پر فائز رہے۔

سعید الزماں صدیقی کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ وزیر اعظم نواز شریف اور صدر ممنون حسین کے درمیان مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔

ا میڈیا نمائندوں نے جب سعید الزماں صدیقی سے تعیناتی کی تصدیق اور کراچی کے سب سے بڑے مسئلے کو حل کرنے کے حوالے سے پوچھا تو ان کا کہنا تھا کہ امن و امان کراچی کا سب سے اہم مسئلہ ہے، اسی کے حل کو ترجیح دی جائے گی۔

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کو ہٹائے جانے سے متعلق جسٹس سعید الزماں نے خیال ظاہر کیا کہ متحدہ قومی موومنٹ کا تنازع ہی وہ بڑی وجہ ہے جس کے باعث عشرت العباد کو ہٹایا گیا۔

وزیر اعظم کے ترجمان مصدق ملک کا موقف ہے کہ سعیدالزماں صدیقی کی تقرری آئین اورقانون کے مطابق کی جارہی ہے۔

سوانحی خاکہ
سعید الزماں صدیقی یکم دسمبر 1937 کو بھارتی شہر لکھنؤ میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم بھی وہیں سے حاصل کی تاہم گریجویشن 1954 میں ڈھاکا یونیورسٹی سے کیا۔ 1958 میں کراچی سے وکالت کا امتحان پاس کیا۔

انہوں نے سندھ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں بھی وکالت کی۔ 1990 میں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ منتخب ہوئے۔ یکم جولائی 1999 سے 26 جنوری 2000 تک پاکستان کے پندرھویں چیف جسٹس کی حیثیت سے فرائض انجام دیئے۔

انہوں نے مشرف دور حکومت میں پی سی او کے تحت حلف لینے سے انکار کردیا تھا۔ وہ 2008 میں سابق صدر آصف علی زرداری کے مقابلے میں مسلم لیگ ن کے صدارتی امیدوار تھے۔

عشرت ۔ کمال تنازع
سن 2013 میں کراچی میںرینجرز آپریشن کے بعدمتحدہ قومی موومنٹ نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے لاتعلقی کا اظہارکیا تھا جبکہ گزشتہ ماہ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے گورنر سندھ پر دہری شہریت رکھنے اور بدعنوانی کے سنگین الزامات لگاتے ہوئے ان کی گرفتاری اور ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ کیا تھا۔

گورنر سندھ عشرت العباد خان نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ان مطالبوں کو سیاست میں ناکامی پرمصطفیٰ کمال کی بوکھلاہٹ قراردیا تھا۔

پس منظر
2 مارچ 1963 کو کراچی میں پیدا ہونے والے ڈاکٹر عشرت العباد خان کو ملک کے کم عمر ترین گورنر کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

انہوں نے زمانہ طالب علمی میں ہی آل پاکستان مہاجر اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے کارکن کی حیثیت سے اپنے سیاسی کیرئیر کا آغاز کیا اور 1990ء کے عام انتخابات میں ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر صوبائی اسمبلی کی نشست پر کامیابی حاصل کی تھی ۔

XS
SM
MD
LG